چنڈی گڑھ: ونیش پھوگاٹ کے ریسلنگ سے ریٹائرمنٹ کے اعلان کے بعد ردعمل کا ایک سلسلہ شروع ہو گیا ہے۔ ونیش کے اس فیصلے سے ہر کوئی حیران ہے۔ ریسلنگ کے دوسرے کھلاڑی بھی ونیش پھوگاٹ کی حوصلہ افزائی کر رہے ہیں اور ان سے ریٹائرمنٹ کا فیصلہ بدلنے کی اپیل کر رہے ہیں۔
ہریانہ حکومت کا اہم فیصلہ
ہریانہ کے سی ایم نایاب سینی نے آج سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر ونیش پھوگاٹ کے اعزاز میں اہم اعلان کیا۔ سی ایم سینی نے لکھا کہ "ہماری ہریانہ کی بہادر بیٹی ونیش پھوگاٹ نے شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کیا اور اولمپکس کے فائنل تک پہنچنے میں کامیاب رہیں۔ بعض وجوہات کی بنا پر وہ اولمپکس کا فائنل نہیں کھیل پائیں گی لیکن وہ ہم سب کے لیے چیمپئن ہیں۔ ہماری حکومت نے یہ فیصلہ کیا ہے کہ ونیش پھوگاٹ کا خیرمقدم کیا جائے گا اور ہریانہ کی حکومت اولمپک میں چاندی کا تمغہ جیتنے والے کھلاڑیوں کو ملنے والے تمام اعزازات، انعامات اور سہولتیں ونیش پھوگاٹ کو بھی دی جائیں گی۔
حکومت کے فیصلے کا خیرمقدم
ہریانہ حکومت کے اعلان پر ونیش پھوگاٹ کے چچا مہاویر پھوگاٹ نے کہا کہ "وزیر اعلیٰ کا یہ فیصلہ ایک اچھا قدم ہے۔ یہ ایک اچھی پہل ہے اور میں اس کی حمایت کرتا ہوں۔ میں ہریانہ حکومت کا شکریہ ادا کرتا ہوں۔ اگر کبھی دوسرے کھلاڑیوں کے ساتھ بھی ایسا ہوا، یہ ان کی حوصلہ افزائی کرے گا۔"