نئی دہلی: آل انڈیا یونائیٹڈ ڈیموکریٹک فرنٹ کے صدر اور آسام سے رکن پارلیمنٹ بدرالدین اجمل نے اتراکھنڈ کی ریاستی اسمبلی میں پیش کیے گئے یکساں سول کوڈ بل پر سخت نکتہ چینی کرتے ہوئے کہا کہ اس بل کو کوڑے دان میں پھینک دینا چاہیے"۔ اے این آئی سے بات کرتے ہوئے انہوں نے الزام لگایا کہ ریاستی اسمبلیاں "وزیر اعظم نریندر مودی کو خوش کرنے" کی کوشش کر رہی ہیں۔
بدر الدین اجمل نے کہا کہ "جب حکومت ناکام ہو جاتی ہے تو ریاستی اسمبلیوں کو کچھ چمکدار لانا پڑتا ہے"۔ اجمل نے آسام کے وزیر اعلی ہمانتا بسوا سرما پر تنقید کرتے ہوئے الزام کہا کہ "آسام کے وزیر اعلی ہمانتا بسوا سرما بھی وقتاً فوقتاً ایسا کرتے ہیں۔ وہ وزیر اعظم کو خوش کرنا چاہتے ہیں۔ کیونکہ کہ وہ وزیر اعلیٰ بنے رہنا چاہتے ہیں۔
رکن پارلیمنٹ بدر الدین اجمل نے ہندوستان میں ثقافتی تنوع کو برقرار رکھتے ہوئے اس بات پر زور دیا کہ فطرت کے خلاف کیا گیا کچھ بھی زیادہ دیر تک جاری نہیں رہے گا۔ انہوں نے کہا کہ "ہندوستان ایک رنگین باغ ہے۔ باغ جتنا بھی خوبصورت ہو، اگر اس میں صرف ایک پھول ہو تو آپ اسے زیادہ دیر تک نہیں دیکھ پائیں گے۔ ہندوستان میں تمام مذاہب اور ثقافتوں کے لوگ رہتے ہیں، یہی ہماری خوبصورتی ہے۔ کچھ بھی فطرت کے خلاف کیا جاتا ہے تو یہ زیادہ دیر تک جاری نہیں رہے گا"۔