ماہِ رمضان کی عظمت و فضیلت حیدرآباد: رمضان کا مہینہ۔ یہ وہ بابرکت مہینہ ہے جس میں قرآن پاک اتارا گیا ہے۔ جو لوگوں کے لئے ہدایت ہے اور اس میں لوگوں کے لیے رہنمائی کرنے والی اور حق و باطل میں امتیاز کرنے والی واضح نشانیاں ہیں۔ اسلام میں رمضان کے مہینہ کی فضیلت و اہمیت سے متعلق بہت سی قرآنی آیات اور احادیث بھی ہیں۔
شَهْرُ رَمَضَانَ الَّذِیْۤ اُنْزِلَ فِیْهِ الْقُرْاٰنُ
اس آیت میں ماہِ رمضان کی عظمت و فضیلت کا بیان ہے اوراس کی دو اہم ترین فضیلتیں ہیں ، پہلی یہ کہ اس مہینے میں قرآن پاک اتارا گیا اور دوسری یہ کہ روزوں کے لئے اس مہینے کا انتخاب ہوا۔
اسی لیے رمضان المبارک سال بھر کے اسلامی مہینوں میں سب سے زیادہ عظمتوں، فضیلتوں اور برکتوں والا مہینہ ہے۔ اس ماہ میں اللہ تعالیٰ اہلِ ایمان کو اپنی رضا، محبت وعطا، اپنی ضمانت واُلفت اور اپنے انوارات سے نوازتے ہیں۔ اس مہینہ میں ہر نیک عمل کا اجروثواب ستّر گنا بڑھا دیا جاتا ہے۔
اس ماہ میں جب ایمان اور احتساب کی شرط کے ساتھ روزہ رکھا جاتا ہے تو اس کی برکت سے پچھلی زندگی کے تمام صغیرہ گناہ معاف ہوجاتے ہیں اور جب رات کو قیام (تراویح) اسی شرط کے ساتھ کیا جاتا ہے تو اس سے بھی گزشتہ تمام گناہ معاف ہوجاتے ہیں۔ اس ماہ میں ایک نیکی فرض کے برابر اور فرض ستر فرائض کے برابر ہوجاتا ہے، اس ماہ کی ایک رات جسے شبِ قدر کہا جاتا ہے وہ ہزار مہینوں سے افضل قرار دی گئی ہے۔ماہِ مضان میں لوگوں کے اندر ایمانی جذبہ کو دیکھا جا سکتا ہے۔
ای ٹی وی بھارت میں رمضان کے موقع پر ایک پروگرام "رونقِ رمضان" ترتیب دیا گیا جس میں شہر حیدرآباد کے مشہور عالمِ دین حافظ و قاری مفتی عمر عابدین قاسمی مدنی صاحب نے "رمضان کی اہمیت" کے حوالہ سے عنوان پر روشنی ڈالی۔
مفتی عمر عابدین صاحب نے فرمایا کہ رمضان کا مہینہ بڑی اہمیت کا حامل ہے۔ صرف حضورﷺ کے زمانے سے ہی نہیں بلکہ پچھلےانبیاء کے دور میں بھی رمضان کی بڑی اہمیت نظر آتی ہے۔ مفتی صاحب نے مذید فرمایا کہ رمضان کا پورا مہینہ ، قرآن پاک کے نازل کئے جانے کا جشن ہے۔ رمضان کا مہینہ صرف مسلمانوں کے لئے ہی نہیں بلکہ یہود و نصاریٰ (یہودی اور عیسائی) کے لئے بھی عظمت کا حامل ہے۔کیونکہ ساری آسمانی کتابیں اسی مقدس ماہ میں ہی الگ الگ انبیاء پر اتاری گئیں۔اس لئے یہ ماہ بہت ہی عظمت والا مہینہ ہے اور ہمکو یہ ماہ بہت اچھے سے گزارنا چاہئے۔