حیدرآباد: بھارتیہ جنتا پارٹی کے رکن اسمبلی ٹی راجہ سنگھ کے خلاف ایک کمیونٹی کے بارے میں توہین آمیز تبصرے کرنے کے الزام میں تلنگانہ پولیس نے ایک مقدمہ درج کیا ہے۔ پولیس کے مطابق بی جے پی رکن اسمبلی کے خلاف تلنگانہ کے کوٹھا کوٹہ پولیس اسٹیشن میں مقدمہ درج کیا گیا ہے۔
سب انسپکٹر کوٹھا کوٹہ پولیس اسٹیشن منجوناتھ ریڈی نے کہا ہے کہ "اس مہینے کی 23 تاریخ کو راجہ سنگھ شیواجی مہاراج کے مجسمے کے افتتاح کے پروگرام میں شریک ہوئے تھے۔ اسٹیج پر تقریر کے اختتام پر انہوں نے ایک کمیونٹی کے خلاف توہین آمیز تبصرہ کیا تھا۔ اسی بناء پر دفعہ 295A کے تحت مقدمہ درج کیا گیا"۔ ٹی راجہ گوشا محل حلقہ سے بی جے پی کے رکن اسمبلی ہیں۔
دریں اثناء منگل کو تلنگانہ کے سدی پیٹ میں بھارتیہ جنتا پارٹی اور کانگریس پارٹی کے کارکنوں کے درمیان جھڑپیں ہوئیں۔ بی جے پی کے رکن پارلیمنٹ بندی سنجے کی قیادت میں نکالی گئی پرجاہتا یاترا کے دوران کشیدگی پھیل گئی۔ بی جے پی کے مطابق کانگریس کارکنوں نے پراہیتا یاترا پر سدی پیٹ میں داخل ہونے کے دوران حملہ کیا۔ بی جے پی کے مطابق مبینہ طور پر کانگریس لیڈروں نے پرجاہتا یاترا کو لاٹھیوں سے روکنے کی کوشش کی۔ بی جے پی رکن پارلیمنٹ بندی سنجے نے حسن آباد حلقہ میں پولیس کی سخت حفاظت کے درمیان اپنی یاترا جاری رکھی۔