نئی دہلی: سپریم کورٹ دہلی کے وزیر اعلی اروند کیجریوال کی درخواست پر جمعہ کو اپنا فیصلہ سنائے گی، جس میں انہوں نے شراب گھوٹالہ سے متعلق منی لانڈرنگ کیس میں ای ڈی کی گرفتاری کو چیلنج کیا ہے۔ 17 مئی کو جسٹس سنجیو کھنہ اور دیپانکر دتہ کی بنچ نے کیجریوال کی نمائندگی کرنے والے سینئر وکیل ابھیشیک سنگھوی اور ای ڈی (انفورسمنٹ ڈائریکٹوریٹ) کی نمائندگی کرنے والے ایڈیشنل سالیسٹر جنرل ایس وی راجو کی سماعت کے بعد اپنا فیصلہ محفوظ کر لیا تھا۔
فیصلہ محفوظ رکھنے کے بعد بنچ نے کیجریوال کو ضمانت کے لیے نچلی عدالت سے رجوع کرنے کی آزادی دی تھی۔ بنچ نے کہا کہ اس کے باوجود، حقوق اور تنازعات کا تعصب کیے بغیر، اپیل کنندہ قانون کے مطابق ضمانت کے لیے ٹرائل کورٹ سے رجوع کر سکتا ہے۔ بنچ نے 30 اکتوبر 2023 کے بعد ریکارڈ کی گئی کیس فائلوں، گواہوں اور ملزمان کے بیانات کی جانچ کی،سینئر لیڈر منیش سسودیا (جو اس کیس میں ملزم ہیں) کی ضمانت کی درخواست مسترد کر دی گئی تھی۔ سسودیا مبینہ گھوٹالے سے متعلق بدعنوانی اور منی لانڈرنگ دونوں معاملات میں ملزم ہیں۔
سماعت کے دوران ای ڈی نے سپریم کورٹ کو بتایا تھا کہ وہ دہلی شراب پالیسی کیس میں ٹرائل کورٹ کے سامنے ایک اور چارج شیٹ داخل کرے گی، جہاں وہ عاپ کو بطور ملزم ثابت کرے گی۔ ایس وی راجو نے دلیل دی کہ ہوالا چینلز کے ذریعےعاپ کو پیسے بھیجے جانے کے ثبوت موجود ہیں۔ اس پر بنچ نے سوال کیا کہ کیا گرفتاری کے لیے تحریری طور پر درج "یقین کرنے کی وجوہات" میں اس کا ذکر ہے۔