اڈیشہ: اڈیشہ کے بھدرک ضلع میں تیز ہواؤں اور موسلا دھار بارش کی وجہ سے کئی درخت جڑ سے اکھڑ گئے، کیونکہ سمندری طوفان 'دانا' جمعہ کی صبح زمین سے ٹکرایا ہے۔ تیز ہواؤں اور موسلا دھار بارش کے باعث درخت اکھڑ جانے سے علاقے کی کئی سڑکیں بند ہو گئیں۔ بھارت کے محکمہ موسمیات (آئی ایم ڈی) کے مطابق، اڈیشہ میں اس وقت 100-110 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے تیز ہوائیں چل رہی ہیں، جو 120 کلومیٹر فی گھنٹہ تک پہنچ سکتی ہیں۔
آئی ایم ڈی نے سوشل میڈیا ایکس پر پوسٹ کیا اور کہا کہ شدید سمندری طوفان 'دانا' 12 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے شمال-شمال مغرب کی طرف بڑھ گیا ہے اور اس کا مرکز شمالی ساحلی اڈیشہ پر ہے، دھامرا سے تقریباً 15 کلومیٹر شمال میں اور ہبلیکھتی نیچر کیمپ (بھترکانیکا) سے 30 کلومیٹر شمال-شمال مغرب میں اس کا مرکز ہے۔ آئی ایم ڈی نے یہ بھی کہا کہ لینڈ سلائیڈنگ کا عمل اگلے 1-2 گھنٹے تک جاری رہے گا۔
غور طلب ہے کہ سمندری طوفان دانا گزشتہ 2 مہینوں میں بھارتی ساحل سے ٹکرانے والا دوسرا سمندری طوفان ہے۔ اس سے قبل اگست کے اواخر میں طوفان 'آسنا' نے اس علاقے کو متاثر کیا تھا۔ تاہم دانا طوفان آسنا سے زیادہ طاقتور ہے جس کا اثر ٹکرانے کی جگہ سے 400 کلومیٹر دور ہوگا۔ 7 ریاستیں اس سے متاثر ہوں گی۔ سمندری طوفان دانا کی وجہ سے اڈیشہ اور مغربی بنگال کے متاثرہ علاقوں میں موسلا دھار بارش جاری ہے۔
لینڈ فال کا عمل 5 گھنٹے تک جاری رہے گا:
21 اکتوبر کو خلیج بنگال سے شروع ہونے والا طوفان دانا اڈیشہ کے دھامرا پورٹ اور بھترکانیکا نیشنل پارک کے قریب پہنچے گا۔ اس کے لینڈ فال کا عمل 5 گھنٹے تک جاری رہے گا اور یہ 120 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے اوڑیشہ کے شمالی حصے سے گزرے گا۔ دانا کے اثر کی وجہ سے بھدرک، کیندرپارہ سمیت کئی مقامات پر 30 سینٹی میٹر یعنی 12 انچ سے زیادہ بارش ہو سکتی ہے۔ باقی ساحلی علاقوں میں 20 سینٹی میٹر تک بارش کا امکان ہے۔ اڈیشہ میں طوفان دانا کا سب سے زیادہ اثر میور بھنج، بھدرک، بالیشور، کیندرپارہ، جاج پور، جگت سنگھ پور، کٹک میں پڑے گا، جہاں بھاری بارش کا ریڈ الرٹ جاری کیا گیا ہے۔ پوری، خوردہ، نیا گڑھ، ڈھینکنال اور کیندوجھر اضلاع کے لیے اورنج الرٹ ہے۔