راجستھان: مدھیہ پردیش کے راج گڑھ میں ایک المناک حادثہ پیش آیا۔ پپلودی میں اتوار کی رات تقریباً 9 بجے باراتیوں سے بھری ٹریکٹر ٹرالی الٹنے سے 13 افراد ہلاک ہوگئے۔ جبکہ 16 افراد زخمی ہو گیے۔ جاں بحق ہونے والوں میں تین بچے بھی شامل ہیں۔ اطلاع ملتے ہی پولیس موقع پر پہنچ گئی اور تمام زخمیوں کو علاج کے لیے اسپتال میں داخل کرایا۔ بتایا جا رہا ہے کہ بارات راجستھان کے موتی پورہ گاؤں تھانہ جوار سے ٹریکٹر ٹرالی میں کولم پور جا رہی تھی۔ وزیر اعلی موہن یادو اور صدر دروپدی مرمو نے حادثے پر افسوس کا اظہار کیا ہے۔
بارات راجستھان سے آرہی تھی
مدھیہ پردیش کے راج گڑھ ضلع میں اتوار کی دیر رات پیش آئے ایک خوفناک سڑک حادثے میں 13 لوگوں کی موت ہو گئی۔ موصولہ ابتدائی معلومات کے مطابق راجستھان کے موتی پورہ گاؤں کے جوار تھانے سے بارات کے لیے ایک ٹریکٹر ٹرالی میں تقریباً 30 لوگ جارہے تھے، جہاں راج گڑھ ضلع کے پپلودی چوکی کے قریب ٹرالی الٹ گئی۔ ٹرالی کے نیچے دب کر 13 افراد جاں بحق ہو گئے جن میں 3 بچے بھی شامل ہیں۔ دو شدید زخمیوں کو بھوپال ریفر کر دیا گیا ہے اور ضلع اسپتال میں 13 لوگوں کا علاج جاری ہے۔
ٹریکٹر ٹرالی الٹنے سے 13 لوگوں کی موت
حادثے کی خبر کے بعد ضلع اسپتال میں خوف و ہراس کا ماحول ہے۔ کلکٹر اور ایس پی بھی موقع پر پہنچ گئے۔ مذکورہ واقعہ کی جانکاری دیتے ہوئے راج گڑھ کلکٹر ہرش دیکشت نے بتایا کہ کچھ لوگ راجستھان سے بارات لے کر آرہے تھے۔ راج گڑھ اور راجستھان کی سرحد کے درمیان ٹرالی الٹ گئی اور اس میں دب کر 13 افراد کی موت ہو گئی۔ ضلع اسپتال میں 15 افراد زیر علاج ہیں۔ دو افراد شدید طور پر زخمی ہو گیے ہیں، اسپتال میں حالت مستحکم ہونے کے بعد انہیں بھوپال ریفر کر دیا گیا ہے۔