اردو

urdu

ETV Bharat / bharat

پروفیسر جی این سائی بابا کا انتقال، 90 فیصد معذور ہونے کے باوجود 10 سال جیل میں کیوں رہے؟

ڈی یو کے سابق پروفیسر جی این سائی بابا کا سنیچر کی شام انتقال ہوگیا۔ انہیں جمعہ کو اسپتال میں داخل کرایا گیا تھا۔

By ETV Bharat Urdu Team

Published : 4 hours ago

Updated : 4 hours ago

دہلی یونیورسٹی کے سابق پروفیسر جی این سائی بابا
دہلی یونیورسٹی کے سابق پروفیسر جی این سائی بابا (File Photo: ETV Bharat)

نئی دہلی: دہلی یونیورسٹی کے سابق پروفیسر گوکرکونڈہ ناگا سائی بابا (جی این سائی بابا) سنیچر کی رات 8.36 بجے نظام انسٹی ٹیوٹ آف میڈیکل سائنسز میں انتقال کر گئے۔ متعلقین کے مطابق، انہیں ایک ہفتہ قبل پتے کی سرجری کے بعد کی پیچیدگیوں کی وجہ سے جمعہ کی شام آئی سی یو میں داخل کرایا گیا تھا۔ جی این سائی بابا کی عمر 57 سال تھی۔

دہلی یونیورسٹی کے سابق پروفیسر جی این سائی بابا کو رواں سال مارچ میں ماؤنوازوں سے تعلق رکھنے کے الزام سے بری کر دیا گیا تھا۔ بمبئی ہائی کورٹ سے بری کیے جانے پر وہ جیل سے رہا ہونے کے بعد 8 مارچ کو دہلی آئے تھے۔ انہوں نے اپنے تمام خیر خواہوں، اقوام متحدہ، انسانی حقوق کمیشن کا شکریہ ادا کیا۔ سائی بابا نے کہا تھا کہ انہیں یقین نہیں ہو رہا ہے کہ وہ جیل سے باہر آ گئے ہیں۔

'میرے ساتھ ظلم ہوا'

جیل سے رہائی کے بعد اپنی اہلیہ وسنتا کے ساتھ دہلی کے سرجیت بھون پہنچنے پروفیسر جی این سائی بابا نے نم آنکھوں کے ساتھ جذباتی لہجے میں بات کرتے ہوئے کہا کہ جس طرح ماں سیتا کو اپنی بے گناہی ثابت کرنے کے لیے آزمائش سے گزرنا پڑا، اسی طرح وہ بھی گزرے۔ شک کی بنیاد پر اپنی گرفتاری کے بارے میں سائی بابا نے کہا تھا کہ لوگوں نے بھگوان رام پر بھی شک کیا تھا۔ شک بالکل بے بنیاد تھا۔ میں نے اپنی گرفتاری کے بعد 10 سال جس اذیت سے گزرا وہ کبھی نہیں بھول سکتا۔ میرے ساتھ ظالمانہ سلوک کیا گیا۔ انہوں نے کہا کہ مجھے تعجب ہو رہا ہے کہ میں جیل سے زندہ باہر آ گیا۔

گرفتاری کے بعد 10 سال اور سزا سنائے جانے کے بعد سات سال تک انڈا سیل میں رکھا گیا جہاں بدنام اور خطرناک قیدیوں کو رکھا جاتا ہے۔ انہیں ایسے سیل میں رکھا گیا جہاں وہ وہیل چیئر نہیں لے جا سکتے تھے۔ جس جیل میں 200 قیدیوں کی گنجائش تھی، وہاں 1300 سے زیادہ قیدیوں کو رکھا جاتا ہے۔ وہاں اٹھنے بیٹھنے کے لیے قیدی جانوروں کی طرح آپس میں لڑتے ہیں۔ انہوں نے مزید بتایا کہ جیل میں دو قبائلی قیدی روزمرہ کے کاموں میں ان کی مدد کرتے تھے۔ ان کے تعاون کے بغیر وہ ہل بھی نہیں سکتے۔

جیل میں صحت برباد ہو گئی

اپنی گرفتاری سے پہلے جی این سائی بابا رام لال آنند کالج میں انگریزی پڑھاتے تھے۔ وہ پہلے سے 90 فیصد معذور تھے اور وہیل چیئر پر چلتے تھے۔ پروفیسر سائی بابا نے بتایا کہ انہیں بچپن میں پولیو کے علاوہ کوئی بیماری نہیں تھی، لیکن جیل میں طویل وقت گزارنے کے بعد آج ان کے جسم کے بیشتر حصے کام نہیں کر رہے ہیں۔ دماغ میں سسٹ تھا۔ دل 55 فیصد کام کر رہا تھا۔ مثانے میں پتھری تھی اور مثانہ کام نہیں کر رہا تھا۔

پروفیسر جی این سائی بابا کی گرفتاری کیوں؟

جی این سائی بابا جو جسمانی طور پر 90 فیصد معذور تھے، کو گڈچرولی پولیس نے 2014 میں گرفتار کیا تھا۔ گرفتاری کے بعد انہیں غیر قانونی سرگرمیوں کی روک تھام ایکٹ (UAPA) کے تحت قصوروار ٹھہرایا گیا اور عمر قید کی سزا سنائی گئی۔ ان کے ساتھ پانچ دیگر افراد کو بھی سزا سنائی گئی۔

پروفیسر سائی بابا کی پیدائش آندھرا پردیش کے ایک غریب گھرانے میں ہوئی تھی۔ 2003 میں دہلی آنے سے پہلے ان کے پاس وہیل چیئر خریدنے کے لیے پیسے بھی نہیں تھے، مگر وہ شروع سے ہی پڑھائی میں بہت ذہین تھے۔ اپنی بیوی وسنتھا سے ان کی ملاقات کوچنگ کلاس میں ہوئی۔ پھر دونوں نے شادی کر لی۔ آل انڈیا پیپلز ریزسٹنس فورم کے ایک کارکن کے طور پر انہوں نے کشمیر اور شمال مشرق میں آزادی کی تحریکوں کی حمایت میں دلت اور قبائلی حقوق کو فروغ دینے کے لیے دو لاکھ کلومیٹر سے زیادہ کا سفر کیا۔ پولیس نے انہیں گرفتار کرنے کے بعد سائی بابا پر شہر میں رہتے ہوئے ماؤنوازوں کے لیے کام کرنے کا الزام لگایا تھا۔ تاہم، انہوں نے ہمیشہ ماؤنوازوں کی حمایت کے الزام سے انکار کیا۔ ان کی گرفتاری اور سزا کے بعد انسانی حقوق کے کارکنوں نے پولیس اور حکومت پر اقلیتی اور دلت کارکنوں کو غلط طریقے سے نشانہ بنانے کا الزام عائد کیا تھا۔

متعلقہ خبریں: بمبئی ہائی کورٹ نے ماؤنواز کیس میں سائی بابا اور پانچ دیگر کو بری کیا

ڈی یو کے سابق پروفیسر جی این سائی بابا جیل سے رہا ہوں گے، حامی گروپ نے دوبارہ بحالی کا مطالبہ کیا

کاٹجو کا ججس کے نام کھلا خط: سنجیو بھٹ، عمر خالد اور جھوٹے مقدمات میں قید مسلمانوں کو رہا کرنے کا مطالبہ

Last Updated : 4 hours ago

ABOUT THE AUTHOR

...view details