نئی دہلی: گزشتہ سال ستمبر میں جموں و کشمیر کے اننت ناگ میں انسداد دہشت گردی آپریشن کی قیادت کرتے ہوئے ہلاک ہونے والے کرنل منپریت سنگھ کو بعد از مرگ کیرتی چکر سے نوازا گیا۔ سیکورٹی فورسز کے تین دیگر اہلکاروں رائفل مین روی کمار (بعد از مرگ)، میجر مالا رام گوپال نائیڈو، جموں و کشمیر پولیس کے ڈپٹی سپرنٹنڈنٹ ہمایوں مزمل بھٹ (بعد از مرگ ) کو بھی کیرتی چکر سے نوازا گیا۔
صدر جمہوریہ نے 103 بہادری ایوارڈز کی منظوری دی:
یوم آزادی کے موقع پر صدر جمہوریہ دروپدی مرمو نے مسلح افواج اور سنٹرل آرمڈ پولیس فورس کے اہلکاروں کے لیے کل 103 بہادری ایوارڈز کو منظوری دی۔ چار کیرتی چکروں کے علاوہ، بہادری کے اعزازات میں 18 شوریہ چکر جس میں چار بعد از مرگ شامل ہیں، 63 سینا میڈل، 11 نیوی میڈل اور چھ وایو سینا میڈل شامل ہیں۔
سی بی آئی کے 18 افسران کو پولیس میڈل:
انٹرپول سے منسلک دو سی بی آئی افسران وفاقی تحقیقاتی ایجنسی کے ان 18 افسران میں شامل ہیں جنہیں یوم آزادی کے موقع پر پولیس میڈل سے نوازا گیا۔ سی بی آئی کی طرف سے جاری کردہ ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ چھ افسران کو اعلیٰ خدمات کے لیے صدر جمہوریہ کے پولیس میڈل سے نوازا گیا ہے، جبکہ 12 کو پولیس میڈل برائے امتیازی خدمات سے نوازا گیا ہے۔