نئی دہلی: عام انتخابات کے پہلے مرحلے میں 21 ریاستوں اور مرکز کے زیر انتظام علاقوں کی 102 پارلیمانی نشستوں کے لیے ووٹنگ شروع ہو گئی ہے۔ الیکشن کمیشن نے منصفانہ اور پرامن انتخابات کے انعقاد کے لیے سیکیورٹی کے وسیع انتظامات کیے ہیں اور بزرگ اور معذور ووٹرز کی سہولت کے لیے خصوصی انتظامات کیے گئے ہیں۔ پہلے مرحلے میں لوک سبھا کے ساتھ ساتھ اروناچل پردیش اور سکم اسمبلی کی کل 92 سیٹوں کے لیے بھی ووٹنگ ہو رہی ہے۔
لوک سبھا انتخابات کے پہلے مرحلے میں 16.63 کروڑ ووٹر 1605 امیدواروں کے انتخابی مستقبل کا فیصلہ کریں گے جن میں مرکزی وزراء نتن گڈکری، کرن رجیجو، ارجن رام میگھوال، کل آٹھ مرکزی وزراء، دو سابق وزرائے اعلیٰ اور ایک سابق گورنر شامل ہیں۔
کمیشن کی جانب سے جاری کردہ ریلیز کے مطابق صبح 7 بجے سے شام 6 بجے تک ووٹنگ ہوگی۔ کمیشن کے مطابق ووٹنگ کے اوقات پارلیمانی حلقوں کے لحاظ سے بھی مختلف ہو سکتے ہیں۔
چیف الیکشن کمشنر راجیو کمار نے عام انتخابات 2024 کے پہلے مرحلے کے ووٹنگ کے دن کے موقع پر ملک کے 97 کروڑ ووٹروں کے نام ایک پیغام میں کہاکہ "اپنا ووٹ ڈالیں اور 'انتخابات کے تہوار' کے جشن میں حصہ لیں۔