ممبئی: بھارتیہ جنتا پارٹی نے آج لوک سبھا انتخابات کے لیے اپنے امیدواروں کی 15ویں فہرست جاری کی۔ بی جے پی نے پونم مہاجن کا ٹکٹ منسوخ کر دیا ہے۔ وہیں دہشت گرد قصاب کو پھانسی دینے والے وکیل اجول نکم کو ممبئی نارتھ سینٹرل سے میدان میں اتارا گیا ہے۔ آپ کو بتاتے چلیں کہ اجول نکم کا شمار ملک کے مشہور سرکاری وکیلوں میں ہوتا ہے، وہ دہشت گرد اجمل قصاب کو پھانسی، 1993 کے بم دھماکوں، گلشن کمار قتل کیس اور پرمود مہاجن قتل کیس جیسے ہائی پروفائل کیسوں میں حکومتی فریق کی نمائندگی کر چکے ہیں۔
بی جے پی سے ٹکٹ ملنے کے بعد اجول نکم نے کہا کہ میں نے برسوں سے سنگین مجرموں کے خلاف جنگ لڑی ہے۔ آج مجھے ایک مختلف ذمہ داری سونپی گئی ہے۔ ملک کا آئین اور قانون میری ترجیحات ہوں گے۔ میں دیکھوں گا کہ پارلیمنٹ میں مناسب سوالات اور موضوعات اٹھائے جائیں۔ انہوں نے کہا کہ قانون کہتا ہے کہ 100 مجرموں کو رہا کیا جا سکتا ہے، لیکن ایک بے گناہ کو سزا نہیں دی جا سکتی۔ میں وزیر اعظم نریندر مودی، جے پی نڈا، دیویندر فڑنویس، باونکولے اور آشیش شیلر کا شکر گزار ہوں۔