نئی دہلی: آج پارلیمنٹ کے احاطہ میں کانگریس سمیت دیگر اپوزیشن پارٹیوں کے ارکان پارلیمان نے اڈانی رشوت ستانی معاملے میں گوتم اڈانی کی گرفتاری کا مطالبہ کرتے ہوئے مظاہرہ کیا۔ اس مظاہرے میں لوک سبھا میں اپوزیشن لیڈر راہل گاندھی اور وایناڈ کی کانگریس رکن پارلیمنٹ پرینکا گاندھی بھی شریک ہوئیں۔
دوسری جانب، کانگریس کے رکن پارلیمنٹ گورو گوگوئی نے جمعرات کو لوک سبھا میں غازی آباد میں غازی پور بارڈر پر اپوزیشن لیڈر راہل گاندھی کو پولیس سے روکنے کے معاملے پر بحث کے لیے تحریک التوا پیش کی۔ اپنے نوٹس میں گوگوئی نے کہا کہ اپوزیشن لیڈر راہل گاندھی کو سنبھل جانے سے روک کر حکومت کو جوابدہ ٹھہرانے کے اپوزیشن کے حق کو نظر انداز کیا ہے۔ یہ انتہائی تشویشناک بات ہے کہ قائد حزب اختلاف راہل گاندھی کو کل حالیہ علاقائی کشیدگی کی زمینی حقیقت کا جائزہ لینے سے روکا گیا۔ اس دورے کا مقصد امن اور ہم آہنگی کو فروغ دینا تھا۔