نئی دہلی: قومی انسانی حقوق کمیشن (این ایچ آر سی) نے وشاکھاپٹنم میں کالج کے ایک فیکلٹی ممبر کی جانب سے طالبہ کو جنسی طور پر ہراساں کرنے اور اس کے بعد طالبہ کی خود کشی پر منگل کو آندھرا پردیش حکومت اور پولیس کو نوٹس جاری کرتے ہوئے رپورٹ طلب کی ہے۔
کمیشن نے آندھرا پردیش کے چیف سکریٹری اور ڈائرکٹر جنرل آف پولیس کونوٹس میں چار ہفتے کے اندر اس معاملے کی تفصیلی رپورٹ طلب کی ہے۔ نوٹس میں واضح طور پر کہا گیا ہے کہ رپورٹ میں تحقیقات کا اسٹیٹس بھی شامل ہونا چاہیے۔ اس کے علاوہ افسران کو کالج میں جنسی ہراسانی کے دیگر مبینہ معاملات کی بھی تحقیقات کا حکم دیا گیا ہے۔
کمیشن نے ایک میڈیا رپورٹ کا ازخود نوٹس لیا ہے کہ 28 مارچ کو ریاست کے وشاکھاپٹنم ضلع میں ایک فیکلٹی ممبر کی طرف سے جنسی طور پر ہراساں کیے جانے سے تنگ آکرچوتھی منزل سے چھلانگ لگا کر خودکشی کرلی۔