نئی دہلی: وزیر اعظم نریندر مودی منگل کو 16ویں برکس سربراہی اجلاس میں شرکت کے لیے دو روزہ دورے پر روس کے کازان روانہ ہوئے۔ انہوں نے زور دے کر کہا کہ بھارت اس گروپ کو 'بہت اہمیت' دیتا ہے۔ روانگی سے قبل انسٹاگرام پر ایک پوسٹ شیئر کرتے ہوئے وزیر اعظم مودی نے لکھا کہ میں برکس چوٹی کانفرنس میں شرکت کے لیے روس کے شہر کازان روانہ ہو رہا ہوں۔ بھارت برکس کو بہت اہمیت دیتا ہے۔ میں مختلف موضوعات پر بات چیت کا منتظر ہوں۔ میں وہاں مختلف لیڈروں سے ملاقات کے لیے بھی پُرجوش ہوں۔
ایک بیان میں وزیر اعظم کے دفتر نے وزیر اعظم مودی کے حوالے سے کہا کہ میں 16ویں برکس سربراہی اجلاس میں شرکت کے لیے روسی فیڈریشن کے صدر ولادیمیر پوتن کی دعوت پر آج کازان کے دو روزہ دورے پر روانہ ہو رہا ہوں۔ وزیر اعظم مودی نے کہا کہ بھارت برکس کے اندر قریبی تعاون کو قدر کی نگاہ سے دیکھتا ہے، جو عالمی ترقیاتی ایجنڈا، بہتر کثیرالجہتی، موسمیاتی تبدیلی، اقتصادی تعاون، لچکدار سپلائی چین کی تعمیر، ثقافتی اور عوام کے بیچ رابطے کو فروغ دینے جیسے مسائل پر بات چیت اور تبادلہ خیال کے ایک اہم فورم کے طور پر ابھرا ہے۔
بیان میں مزید کہا گیا ہے کہ گزشتہ سال نئے ممبران کے اضافے کے ساتھ برکس کی توسیع نے اس کی شمولیت اور عالمی بہبود کے ایجنڈے میں اضافہ کیا ہے۔ پی ایم او کے بیان میں کہا گیا کہ جولائی 2024 میں ماسکو میں منعقد ہونے والی سالانہ چوٹی کانفرنس کی بنیاد پر کازان کا دورہ بھارت اور روس کے درمیان خصوصی اور مراعات یافتہ اسٹریٹجک شراکت داری کو مزید مضبوط کرے گا۔ میں برکس کے دیگر رہنماؤں سے ملاقات کا بھی منتظر ہوں۔
16واں برکس سربراہی اجلاس روس کی صدارت میں 22 سے 24 اکتوبر تک کازان میں منعقد ہو رہا ہے۔ اپنے دورے کے دوران پی ایم مودی کی اپنے ہم منصبوں اور کازان میں برکس رکن ممالک کے مدعو لیڈروں کے ساتھ دو طرفہ ملاقاتیں بھی متوقع ہیں۔