ممبئی: ممبئی پولیس نے جمعہ کو بالی ووڈ اداکار سیف علی خان پر ان کی باندرہ رہائش گاہ پر حملے کے سلسلے میں ایک شخص کو حراست میں لیا ہے۔ ملزم کو مزید پوچھ تاچھ کے لیے باندرہ پولیس اسٹیشن لایا گیا۔
اس سے قبل آج ممبئی پولیس نے کہا تھا کہ انہوں نے سیف کی کمر سے نکالے گئے بلیڈ کے ایک حصے کو اپنے قبضے میں لے لیا ہے جب کہ باقی حصے کی بازیابی کی کوششیں جاری ہیں۔
ممبئی پولیس نے یہ بھی کہا کہ بالی ووڈ اداکار سیف علی خان پر حملے میں ملوث ملزم کو آخری بار باندرہ ریلوے اسٹیشن کے قریب دیکھا گیا تھا اور اس کی تلاش جاری ہے۔ پولیس کو شبہ ہے کہ واقعہ کے بعد مشتبہ شخص نے صبح پہلی لوکل ٹرین پکڑی اور وسائی ویرار کی طرف روانہ ہوا۔ ایک اہلکار نے بتایا کہ ممبئی پولیس کی ٹیمیں وسائی، نالاسوپارہ اور ویرار کے علاقوں میں اسے تلاش کر رہی ہیں۔
بالی ووڈ اداکار سیف علی خان پر جمعرات کی صبح تقریباً 2:30 بجے ان کے 11ویں منزل کے باندرہ فلیٹ میں ایک مشتبہ شخص نے چاقو سے حملہ کردیا تھا۔ یہ واقعہ اس وقت پیش آیا جب گھر میں گھسنے والے شخص کو مبینہ طور پر اداکار کی ملازمہ سے نے ان کی رہائش گاہ میں دیکھ لیا۔ سیف نے اس میں مداخلت کرنے اور صورتحال کو قابو میں کرنے کی کوشش کی، لیکن یہ ایک پرتشدد جھگڑے کی شکل اختیار کر گیا، جس کے نتیجے میں اداکار کو چاقو کے کئی زخم آئے۔ گھسنے والے کے وار کے بعد سیف کو فوری طور پر ممبئی کے لیلاوتی اسپتال لے جایا گیا۔ وہاں ڈاکٹروں کی ٹیم کی نگرانی میں ان کی سرجری ہوئی۔