بنگلورو: کرناٹک کے دارالحکومت بنگلورو کے ہنور علاقے میں منگل کو شدید بارش کی وجہ سے ایک زیر تعمیر عمارت گر گئی جس میں ایک مزدور کی موت ہو گئی۔ 5 مزدور اب بھی ملبے تلے دبے ہوئے ہیں۔ اس موقعے پر ریسکیو آپریشن جاری ہے جس میں اب تک 14 مزدوروں کو بچا لیا گیا۔ ہنور پولیس اہلکار موقعے پر پہنچ کر تحقیقات کر رہے ہیں۔
ریسکیو آپریشن میں فائر اینڈ ایمرجنسی ڈپارٹمنٹ کی دو ریسکیو گاڑیاں تعینات کر دی گئی ہیں۔ حکام نے بتایا کہ یہ واقعہ شہر میں شدید بارش کے درمیان پیش آیا۔ ابتدائی جانکاری میں ایک سینئر پولیس افسر نے بتایا کہ عمارت کے اندر 17 افراد کے پھنسے ہونے کا خدشہ ہے اور دیگر ایجنسیوں کی مدد سے ریسکیو آپریشن کیا جا رہا ہے۔
فائر ڈیپارٹمنٹ کے ایک اہلکار نے بتایا کہ ابتدائی تحقیقات کے مطابق پوری عمارت گر گئی جس کے بعد لوگ اس کے نیچے دب گئے۔
بنگلورو میں شدید بارش کی وجہ سے کئی مقامات پر افراتفری مچ گئی ہے۔ یلہنکا، ملیشور، سلک بورڈ سمیت کئی مقامات پر بارش کا پانی سڑکوں پر بھر گیا ہے۔ بعض مقامات پر مکانات زیرآب آگئے ہیں۔