نئی دہلی: کانگریس کے صدر ملکارجن کھرگے نے ہفتہ کو وزیر اعظم نریندر مودی کی حکومت پر سخت نکتہ چینی کی اور حکومت کو ملک کے کسانوں کے لیے 'لعنت' قرار دیا۔ کھرگے نے حکومت پر کسانوں کے ساتھ دشمنوں جیسا سلوک کرنے کا بھی الزام عائد کیا۔ کانگریس صدر نے کہا کہ صرف کانگریس پارٹی ہی کسانوں کو کم سے کم امدادی قیمت (ایم ایس پی) کا قانونی حق فراہم کر سکتی ہے۔
ملکارجن کھرگے نے ایکس پر ایک پوسٹ میں کہا کہ "مودی حکومت ملک کے خوراک فراہم کرنے والے کسانوں کے لیے لعنت ہے، مسلسل جھوٹی 'مودی کی گارنٹی' کی وجہ سے پہلے 750 کسانوں نے اپنی جان گنوائی اور اب کل 1 کسان ہلاک اور ربڑ کی گولیوں کی وجہ سے تین کسان بینائی سے محروم ہو گئے ہیں۔ مودی حکومت نے کسانوں کے ساتھ دشمنوں جیسا سلوک کیا، صرف کانگریس ہی انہیں ایم ایس پی کا قانونی حق دے گی۔
واضح رہے کہ شمبھو بارڈر پر تعینات سیکورٹی فورسز نے احتجاجی کسانوں کے خلاف مزاحمت جاری رکھی ہوئی ہے۔ جو قومی دارالحکومت میں داخل ہونے کی کوشش کر رہے تھے کسانوں کا احتجاج آج پانچویں دن میں داخل ہو گیا۔ سینکڑوں کسان اور کچھ صحافی زخمی ہو گئے ہیں کیونکہ متعدد بار کثیر سطحی رکاوٹوں کو توڑنے کی کوشش میں مظاہرین کی پولیس کے ساتھ جھڑپیں ہوئیں۔ احتجاجی کسانوں نے منگل 13 فروری کو مارچ کے آغاز سے ہی سرحدی مقامات پر ڈیرے ڈالے ہوئے ہیں۔