بہار: بہار کے سابق وزیر اعلیٰ لالو یادو نے پٹنہ میں آر جے ڈی کے 27ویں یوم تاسیس کی تقریب سے خطاب کیا۔ اس موقعے پر انہوں نے کہا کہ نریندر مودی حکومت کمزور ہے۔ یہ اپنی کمزوریوں کی وجہ سے کسی بھی وقت گر سکتی ہے۔ اگلے مہینے اگست میں ہی گر سکتی ہے۔ لہذا انتخابات کے لیے تیار رہیں۔
لالو نے نتیش کمار اور جے ڈی (یو) کا نام لیے بغیر حملہ کرتے ہوئے مزید کہا کہ "ہم نے اپنے بنیادی نظریے کے ساتھ کبھی سمجھوتہ نہیں کیا۔ ہم 2020 کے اسمبلی انتخابات میں واحد سب سے بڑی پارٹی بن کر ابھرے لیکن اقتدار سے کچھ دور رہ گیے۔"
اس موقعے پر اپنی تقریر میں سابق نائب وزیر اعلیٰ تیجسوی یادو نے نتیش سے کہا کہ وہ مرکزی حکومت کے ساتھ ثابت قدم رہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ "ہمیں یہ دیکھ کر خوشی ہوئی کہ جے ڈی (یو) نے بہار کے خصوصی درجہ کے زمرے کے مطالبے پر ایک قرارداد پاس کی۔ اب جب کہ نتیش کمار دہلی میں ایک بڑے اسٹیک ہولڈر ہیں اور مودی حکومت کسی نہ کسی طرح ان پر منحصر ہے، نتیش جی کو بہار کو خصوصی زمرہ کا درجہ دلانا چاہئے اور اس بات کو یقینی بنانا چاہئے کہ بہار کوٹہ کی حد کو آئین کے نویں شیڈول کے تحت رکھا جائے، تاکہ اسے قانونی احاطہ دیا جاسکے۔"