امپھال/گوہاٹی:منی پور کے جِریبام میں پیر سے لاپتہ چھ میں سے تین کی لاشیں مل گئی ہیں۔ جانکاری کے مطابق، یہ تینوں لاشیں جمعہ کی دیر شام آسام منی پور سرحد کے قریب واقع جری مکھ میں پائی گئیں۔ آپ کو بتاتے چلیں کہ چند روز قبل ان افراد کو جریبام کے ایک کیمپ سے اغوا کیا گیا تھا۔ ان لاشوں کو پوسٹ مارٹم کے لیے بھیج دیا گیا ہے۔ تمام لاشیں دریائے جِری اور برق میں تیرتی ہوئی پائی گئیں۔ جریبام ضلع کے حکام نے بتایا کہ جمعہ کی رات ایک خاتون اور دو بچوں کی لاشیں برآمد کی گئیں، جو جریبام ضلع کے بوروبکرا سے تقریباً 16 کلومیٹر دور ہے۔
تازہ جانکاری کے مطابق تاحال لاشوں کی شناخت نہیں ہوسکی ہے، تاہم موصول ہونے والی تفصیلات کے مطابق یہ تینوں لاپتہ افراد میں سے ہیں۔ حکام کا مزید کہنا تھا کہ وہ پوسٹ مارٹم کا انتظار کر رہے ہیں اور شناخت کے لیے تصاویر اکٹھی کر لی ہیں۔ آپ کو بتا دیں کہ بنیادی سہولیات کی کمی کی وجہ سے جریبام، امپھال میں ملی لاشوں کا پوسٹ مارٹم آسام کے سلچر میڈیکل کالج اسپتال میں کیا جاتا ہے۔