نئی دہلی: کانگریس کے رہنما راہل گاندھی نے جمعرات کو وزیر اعظم نریندر مودی پر منی پور کا دورہ کرنے پر زور دیا اور وزیر اعظم مودی کو ریاستی عوام کے مسائل سننے کا مشورہ دیا اور کہا کہ کانگریس اور انڈیا بلاک پارلیمنٹ میں پوری طاقت کے ساتھ "منی پور" مسئلہ کو اٹھائیں گے۔ منی پور میں امن کی ضرورت ہے۔
سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر پانچ منٹ کی ویڈیو شیئر کرتے ہوئے کانگریس لیڈر نے کہا کہ منی پور "دو حصوں میں بٹ گیا ہے"۔ انہوں نے کہا کہ "منی پور میں تشدد پھوٹنے کے بعد میں تیسری بار یہاں آیا ہوں، لیکن بدقسمتی سے حالات میں کوئی بہتری نہیں آئی ہے - آج بھی ریاست دو حصوں میں تقسیم ہے"۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ "گھر جل رہے ہیں، معصوم جانیں خطرے میں ہیں اور ہزاروں خاندان ریلیف کیمپوں میں رہنے پر مجبور ہیں۔ وزیر اعظم کو ذاتی طور پر منی پور کا دورہ کرنا چاہیے، ریاست کے لوگوں کے مسائل سننا چاہیے اور امن کی اپیل کرنی چاہیے"۔ راہل گاندھی نے مزید کہا کہ "کانگریس پارٹی اور انڈیا بلاک منی پور میں امن کی ضرورت کو پوری طاقت کے ساتھ پارلیمنٹ میں اٹھائیں گے تاکہ حکومت پر اس سانحہ کو ختم کرنے کے لیے دباؤ ڈالا جا سکے۔" راہل گاندھی نے منی پور میں ریلیف کیمپ میں لوگوں کے مسائل سنے ۔
ریلیف کیمپ میں موجود خواتین میں سے ایک نے سیکیورٹی کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا کہ "جناب ہمیں سیکیورٹی چاہیے، ہم گھر جانا چاہتے ہیں، ہم کب تک یہاں رہیں گے؟" ان کے جواب میں راہل گاندھی نے کہا کہ "اصل بات یہ ہے کہ آپ کو سیکورٹی کی ضرورت ہے۔ اور آپ واپس جانا چاہتے ہیں۔" خاتون نے کہا کہ "ہاں ہم اپنے گھر میں رہنا چاہتے ہیں"۔ جب راہل گاندھی نے پوچھا کہ یہ لڑائی کیوں شروع ہوئی تو خواتین نے کہا کہ غلط فہمی کی وجہ سے۔