امپھال: منی پور کی دارلحکومت میں امن و امان کی حالیہ صورتحال کے پیش نظر امپھال ویسٹ اور امپھال ایسٹ کے ضلع مجسٹریٹس نے منگل کی صبح 11:00 بجے سے دونوں اضلاع میں کرفیو نافذ کر دیا۔
پیر کو جاری کردہ دو الگ الگ احکامات میں امپھال ایسٹ اور امپھال ویسٹ کے ضلع مجسٹریٹس نے کہا کہ انہوں نے صبح 5 بجے سے رات 10 بجے تک کرفیو میں نرمی کا سابقہ حکم واپس لے لیا ہے اور دونوں اضلاع میں مکمل کرفیو فوری طور پر نافذ رہے گا۔
ضلع میں امن و امان کی صورتحال کے پیش نظر دیا گیا نرمی کا حکم فوری منسوخ کر دیا گیا ہے۔ تاہم احکامات میں کہا گیا ہے کہ صحت، پبلک ہیلتھ انجینئرنگ ڈیپارٹمنٹ، میونسپل اتھارٹیز، بجلی، پٹرول پمپس، عدالتوں کے کام کاج، ہوائی مسافروں کی نقل و حرکت اور میڈیا کے اہلکاروں جیسی ضروری خدمات سے متعلق افراد کی نقل و حرکت کرفیو سے مستثنیٰ ہے۔
مزید پڑھیں: وقف ترمیمی بل 2024 کا واحد مقصد مسلمانوں کی اوقافی املاک کو چھیننا ہے: اسدالدین اویسی
دریں اثنا ایک سرکاری ریلیز کے مطابق فوج آسام رائفلز اور دیگر سیکورٹی فورسز نے منی پور کے مختلف اضلاع میں آپریشن کیا اور بڑی مقدار میں اسلحہ اور گولہ بارود برآمد کیا۔ ستمبر 2024 کے پہلے ہفتے میں کیے گئے آپریشن کے نتیجے میں بڑی مقدار میں اسلحہ، گولہ بارود برآمد ہوا۔ یہ کارروائی چورا چند پور ضلع کے لکلائی، ماشم جنگ، پی گیلجنگ، تھوروئیلوک، گیلمون، مولفائی تمپک، لیسان بنگ اور مولگھاٹ جیسے علاقوں میں ہتھیاروں کے ذخیرہ سے متعلق مخصوص انٹیلی جنس کی بنیاد پر کی گئی۔