نئی دہلی:پولیس نے دہلی میٹرو میں دہلی کے وزیر اعلی اروند کیجریوال کے خلاف دھمکی آمیز پیغام لکھنے والے شخص کو گرفتار کیا ہے۔ گرفتار ملزم کی شناخت انکت گوئل کے طور پر کی گئی ہے جو بینک آف بڑودہ میں لون منیجر بتایا جاتا ہے۔ بتایا جاتا ہے کہ ملزم پہلے عام آدمی پارٹی کے قومی کنوینر اروند کیجریوال کا حامی تھا، لیکن اب وہ ان سے ناراض ہے۔ اس وجہ سے اس نے کیجریوال کے بارے میں دھمکی آمیز پیغامات لکھے تھے۔
میٹرو ٹرین کے کوچ کے اندر اور کئی اسٹیشنوں پر سی ایم کیجریوال کے خلاف دھمکی آمیز پیغامات کا معاملہ 20 مئی کو سامنے آیا تھا۔ عام آدمی پارٹی کے رہنماؤں نے ان پیغامات کے اسکرین شاٹس کو لے کر بی جے پی اور دہلی پولیس کو نشانہ بنایا تھا۔ عاپ لیڈروں نے کہا تھا کہ سی ایم کیجریوال کی جان کو خطرہ ہے۔ یہ پیغام انکیت گوئل نامی شخص نے اپنے سوشل میڈیا پلیٹ فارم انسٹاگرام اکاؤنٹ پر شیئر کیا ہے۔ اس کے بعد عام آدمی پارٹی اور بی جے پی کے لیڈروں نے بھی ایک دوسرے پر الزامات لگائے۔