مالیگاؤں (مہاراشٹر): ممبئی کی خصوصی این آئی اے عدالت نے آج گواہ استغاثہ کو بطور دفاعی گواہ طلب کرنے پر کرنل پروہت پر دو ہزار کا جرمانہ عائد کرتے ہوئے شدید برہمی کا اظہار کیا اور اپنے فیصلہ میں کہا کہ ماضی میں گواہ استغاثہ سے جرح کیئے جانے کے باوجود ملزم نے اسے دوبارہ بطور دفاعی گواہ طلب کرنے کی جو عرضداشت داخل کی ہے جو غیر سنجیدہ ہے۔
عدالت نے اس پہلے بھی پانچ ہزار روپئے کا جرمانہ عائد کیا تھا لیکن بعد میں کرنل پروہت کے وکیل ویرل بابر کی درخواست اور ندامت کے بعدجرمانے کی رقم کو دو ہزار روپئے میں تبدیل کردیا گیا تھا۔
خصوصی این آئی اے عدالت میں مالیگاؤں 2008 بم دھماکہ معاملے کی یومیہ سماعت جاری ہے، کِرمنل پروسیجر کوڈ کی دفعہ 313 کے تحت تمام ملزمین کے بیانات کا اندراج مکمل ہونے کے بعد دو ملزمین نے عدالت سے دفاعی گواہوں کو طلب کرنے کی درخواست کی تھی جس پر آج عدالت نے فیصلہ صادر کیا ہے۔
دو ملزمین کرنل پروہت اور سدھاکر کو خصوصی عدالت نے بالترتیب آٹھ اور چار دفاعی گواہوں کو طلب کرنے کی اجازت دی ہے۔ خصوصی این آئی اے عدالت کے جج اے کے لاہوٹی نے کرنل پروہت کی جانب سے کورٹ آف انکوائری کے دستاویزات کو عدالت کے ریکارڈ پر لینے کی درخواست کو بھی مسترد کردیا جبکہ سدھاکر اونکارناتھ چترویدی کی جانب سے داخل دستاویزات میں سے صرف دو ہی دستاویزات کو عدالت میں داخل کرنے کی اجازت دی ہے۔