حیدرآباد: مہاراشٹرا اور جھارکھنڈ میں انتخابات کے پرامن انعقاد کے بعد اب نتائج کا بے صبری سے انتظار کیا جارہا ہے۔ الیکشن کمیشن آف انڈیا کے مطابق مہاراشٹر اور جھارکھنڈ اسمبلی انتخابات 2024 کے نتائج کا اعلان آج 23 نومبر کو کیا جائے گا جب کہ ووٹوں کے گنتی کا عمل صبح 8:00 بجے شروع ہوگا۔ دونوں ریاستوں میں ووٹوں کی گنتی کا آغاز 23 نومبر کو صبح 8 بجے ہوگا تاہم دوپہر دو بجے سے قبل اکثر حلقوں کے نتائج سامنے آنے کی امید ظاہر کی جارہی ہے۔
مہاراشٹرا میں ووٹوں کی گنتی سے قبل کانگریس، شیوسینا (یو بی ٹی) این سی پی (ایس پی) اتحاد اور بی جے پی، شیوسینا، این سی پی اتحاد اپنی اپنی کامیابی کا دعویٰ کیا۔ ریاستی بی جے پی کے سربراہ چندر شیکھر باونکولے نے کہا کہ “مہاوتی جادوئی نشان 145 سیٹوں کو عبور کرے گی اور ہمارا اتحاد حکومت بنانے میں کامیاب ہوگا۔ اسی طرح کانگریس کے ریاستی صدر نانا پٹولے نے کہا تھا کہ "ریاست میں کانگریس کی قیادت میں ایم وی اے حکومت بنے گی"۔
مہاراشٹر کے 288 حلقوں کے اسمبلی انتخابات بی جے پی کی قیادت والے مہاوتی اتحاد اور اپوزیشن مہا وکاس اگھاڑی (ایم وی اے) کے درمیان سخت مقابلہ ہے۔ مہاراشٹر انتخابات سے متعلق زیادہ تر ایگزٹ پولس نے بی جے پی اتحاد کو زیادہ سیٹیں ملنے کی پیش قیاسی کی ہے جب کہ اپوزیشن اتحاد نے ایگزٹ پولس کے برعکس نتائج کا امکان ظاہر کیا۔ بی جے پی 149 سیٹوں پر، شیوسینا 81 سیٹوں پر اور اجیت پوار کی قیادت والی این سی پی نے 59 سیٹوں پر امیدوار کھڑے کیے تھے۔ جب کہ اپوزیشن اتحاد میں کانگریس نے 101، شیوسینا (یو بی ٹی) نے 95 اور این سی پی (ایس پی) نے 86 امیدواروں کو میدان میں اتارا۔ انتخابات میں 9.7 کروڑ سے زیادہ ووٹرز نے اپنے حق رائے دہی کا استعمال کیا جب کہ 4,136 امیدواروں کی قسمت کا فیصلہ 23 نومبر کو ہوگا۔