کشن گنج: کانگریس کے قومی صدر ملکارجن کھڑگے نے مرکزی حکومت پر سخت نشانہ لگاتے ہوئے کہا کہ یہ انتخابی لڑائی کوئی عام لڑائی نہیں ہے بلکہ ملک اور آئین کو بچانے کی لڑائی ہے۔
کھڑگے نے جمعہ کو ضلع کے بہادر گنج کے لوہگڑا میں منعقدہ جلسہ عام میں کہا کہ یہ انتخاب آئین کو بچانے کی لڑائی ہے۔ انہوں نے عوام سے گمراہ نہ ہونے کی اپیل کرتے ہوئے کہا کہ اس سے آپ کی نئی نسل تباہ ہو جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ آپ نے دیکھا کہ مودی جی نے کیا وعدے کیے لیکن کتنے وعدے پورے کیے، یہ پورا ملک جانتا ہے۔
کانگریس لیڈر نے کہا کہ ہر سال دو کروڑ نوکریاں دینے کا وعدہ پورا نہیں ہوا۔ کسانوں کی آمدنی دوگنی کریں گے لیکن ایسا نہیں کیا۔ کالا دھن لائیں گے اور ہر شخص کو 15 لاکھ روپے ملیں گے، نہیں ملے۔ تو جھوٹا کون ہے؟ انہوں نے کہا کہ یہ جنگ سب کو مل کر لڑنی ہے، بھٹکنے سے کہیں کے نہیں رہیں گے۔ انہوں نے کہا کہ عوام نے مودی کو دس سال دیکھا لیکن ایک وعدہ بھی پورا نہیں کیا اور اب ضمانتیں لے رہے ہیں۔