نئی دہلی: صدر جمعیۃ علماء ہند نے وزیر داخلہ امیت شاہ کو خط لکھ کر ایسے پولس افسر کو ذمہ داریوں سے سبکدوش کرنے کا مطالبہ کیا۔ شمالی دہلی کے اندر لوک میں جمعہ کی نماز کے دوران پولس افسر کی نفرت سے بھری کارروائی اور عین نماز میں لوگوں کی پٹائی پر اپنے شدید رد عمل کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ اس طرح کے عمل سے عالمی سطح پر ملک کی شناخت کافی خراب ہوگی۔
مولانا محمود مدنی نے اس سلسلے میں مرکزی وزیر داخلہ اور دہلی کے گورنر ونے کمار سکسینہ کو خط لکھ کر پولس افسر کو ہر طرح کی ذمہ داری سے سبکدوش کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔
مولانا مدنی نے کہا کہ پولس کے اس رویے سے ظاہر ہوتا ہے کہ وہ اسلاموفوبیا کے مرض میں مبتلا ہے اور فرقہ پرست طاقتوں کی سوچ سے متاثر ہے۔ اس لیے فکری اصلاح کے ساتھ اس کو اپنے کام کے تئیں ذمہ دار ہونے کی ٹریننگ دیا جانا ضروری ہے۔
مولانا مدنی نے اپنے مکتوب میں مرکزی وزیر داخلہ امیت شاہ کو متوجہ کیا ہے کہ ایسے واقعات جن میں قانون نافذ کرنے والے افراد مجرم کا کردار ادا کرتے ہیں، متاثرہ کمیونٹی پر دیرپا برے اثرات ڈالتے ہیں، نیز ملک کے دشمنوں کو عالمی سطح پر ملک کی ساکھ کو داغدار کرنے کا موقع بھی ملتا ہے۔