نئی دہلی: بھارت اور سعودی عرب نے عملی طور پر سرمایہ کاری پر 'انڈیا-سعودی عرب ہائی لیول ٹاسک فورس' کی پہلی میٹنگ کی۔ وزیراعظم آفس سے جاری بیان کے مطابق سرکاری اور نجی شعبوں میں دوطرفہ سرمایہ کاری کے مختلف مواقع پر تعمیری بات چیت ہوئی۔
اس میں ریفائننگ اور پیٹرو کیمیکل پلانٹس، نئی اور قابل تجدید توانائی، بجلی، ٹیلی کمیونیکیشن اور اختراع شامل ہیں۔ اجلاس کی صدارت وزیر اعظم کے پرنسپل سیکرٹری پی کے مشرا اور سعودی وزیر توانائی شہزادہ عبدالعزیز بن سلمان بن عبدالعزیز السعود نے کی۔ بیان میں کہا گیا ہے کہ دونوں فریقین نے ٹاسک فورس کی تکنیکی ٹیموں کے درمیان ہونے والی بات چیت کا جائزہ لیا۔
دو طرفہ سرمایہ کاری کو باہمی طور پر فائدہ مند انداز میں فروغ دینے کے لیے اقدامات کا بھی تفصیلی جائزہ لیا۔ میٹنگ کے دوران وزیر اعظم کے پرنسپل سکریٹری نے سعودی عرب کے ولی عہد اور وزیر اعظم کے دورے کے دوران طے شدہ 100 بلین امریکی ڈالر کی سعودی سرمایہ کاری کو تعاون فراہم کرنے کے حکومت ہند کے مضبوط ارادے کا اعادہ کیا۔
بات چیت کو آگے بڑھانے اور مخصوص سرمایہ کاری پر معاہدوں تک پہنچنے کے لیے دونوں اطراف کی تکنیکی ٹیموں کے درمیان باقاعدہ مشاورت کی جائے گی۔ پیٹرولیم سیکریٹری کی قیادت میں ایک بااختیار وفد تیل اور گیس کے شعبے میں باہمی فائدہ مند سرمایہ کاری پر بات چیت کے لیے سعودی عرب کا دورہ کرے گا۔