نئی دہلی: محکمہ انکم ٹیکس کی جانب سے پیش ہوئے سالیسٹر جنرل تشار مہتا نے پیر کو سپریم کورٹ کو بتایا کہ محکمہ انکم ٹیکس لوک سبھا انتخابات کے اختتام تک انڈین نیشنل کانگریس سے 3500 کروڑ روپے کی وصولی سے متعلق کوئی قدم نہیں اٹھائے گا۔ مہتا نے زور دے کر کہا کہ حکومت کوئی سخت قدم نہیں اٹھائے گی تاکہ انتخابات کے دوران سیاسی پارٹی کو کسی قسم کی پریشانی کا سامنا نہ کرنا پڑے۔
جسٹس بی وی ناگا رتھنا کی قیادت والی بنچ محکمہ انکم ٹیکس سے 3500 کروڑ روپے کی مانگ کے خلاف انڈین نیشنل کانگریس کی درخواست پر سماعت کر رہی تھی۔ محکمہ انکم ٹیکس کی نمائندگی کرتے ہوئے مہتا نے کہا کہ تقریباً 3500 کروڑ روپے کی مانگ ہے اور محکمہ انتخابات کے ختم ہونے تک کوئی سخت قدم نہیں اٹھائے گا۔ کانگریس پارٹی کی نمائندگی کرنے والے سینئر وکیل اے ایم سنگھوی نے کہا کہ عدالت کو مہتا کا بیان ریکارڈ کرنا چاہئے۔