نئی دہلی: مرکزی وزیر خزانہ نرملا سیتا رمن نے بدھ کو کہا کہ وہ لوک سبھا انتخابات نہیں لڑیں گی اور اس سے پارٹی کو آگاہ کر دیا گیا ہے۔ ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیر خزانہ نے کہا کہ ان کے پاس الیکشن لڑنے کے لیے درکار فنڈز نہیں ہیں، اس کے علاوہ جیتنے کے لیے بہت سے دوسرے عوامل بھی سازگار نہیں ہیں۔
میڈیا آؤٹ لیٹ ’ٹائمز ناؤ‘ کے ذریعہ منعقدہ ایک پروگرام میں سیتارمن نےکہا ہے کہ بی جے پی صدر جے پی نڈا نے انہیں آندھرا پردیش یا تمل ناڈو سے انتخاب لڑنے کا اختیار دیا۔ "ایک ہفتہ یا دس دن تک سوچنے کے بعد میں صرف یہ کہنے کے لیے واپس آئی کہ شاید نہیں، میرے پاس الیکشن لڑنے کے لیے اتنے پیسے نہیں ہیں"۔
انہوں نے مزید کہا کہ "میں بہت شکر گزار ہوں کہ پارٹی نے میری دلیل کو قبول کیا... اس لیے میں انتخابات میں حصہ نہیں لے رہی ہوں"۔ جب ان سے پوچھا گیا کہ ملک کے وزیر خزانہ کے پاس بھی لوک سبھا الیکشن لڑنے کے لیے اتنے فنڈز کیوں نہیں ہیں، تو انھوں نے کہا کہ ہندوستان کا کنسولیڈیٹڈ فنڈ ان کا نہیں ہے۔ انہوں نے کہا کہ "میری تنخواہ، میری کمائی، میری بچت میری ہے نہ کہ ہندوستان کا کنسولیڈیٹیڈ فنڈ"۔