وارانسی: سول جج (سینئر ڈویژن) ہتیش اگروال کی عدالت نے گیانواپی کمپلیکس میں فوری پوجا اور راگ بھوگ سمیت دیگر مطالبات کے خلاف مسلم فریق کی طرف سے دائر کی گئی عرضی کو مسترد کر دیا۔ عدالت نے اس معاملے کی اگلی سماعت کے لیے 20 مئی کی تاریخ مقرر کی ہے۔
قابل ذکر ہے کہ گذشتہ سال شیلیندر یوگی راج کی جانب سے انہوں نے گیانواپی کے احاطے میں پوجا اور راگ بھوگ کرنے کی اجازت مانگی تھی۔ اس کے بعد انجمن انتظامیہ مسجد کمیٹی نے ایک درخواست دائر کی جس میں مقدمے کی برقراری پر سوالات اٹھائے گئے اور ہندو فریق کی عرضی کو خارج کرنے کا مطالبہ کیا گیا۔ مسلم فریق نے کہا کہ گیانواپی مسجد پلاٹ نمبر 9130 پر 600 سال سے زیادہ عرصے سے کھڑی ہے۔ یہاں وارانسی اور آس پاس کے مسلمان دن میں پانچ بار نماز ادا کرتے ہیں۔ پارلیمنٹ نے عبادت گاہ ایکٹ 1991 کو نافذ کیا۔ اس ایکٹ کی ایک ایک شق یہ ہے کہ مذہبی مقامات جو 15 اگست 1947 کو تھے، وہ اسی حالت میں رہیں گے۔ گیانواپی مسجد وقف جائیداد ہے۔ اس سے متعلق اتھارٹی یوپی سنی سنٹرل بورڈ آف وقف لکھنؤ کے پاس ہے۔ ایسی صورت حال میں اس عدالت کے پاس سماعت کا دائرہ اختیار نہیں ہے۔ قانون کے مطابق اس کیس کو خارج کیا جانا چاہیے۔