وارانسی: گیان واپی مسجد کے جنوبی تہہ خانے میں پوجا معاملے پر آج سپریم کورٹ اپنا اہم فیصلہ سنائے گی۔ غور طلب ہو کہ گیانواپی مسجد کی دیکھ بھال کرنے والی انجمن انتظامیہ مسجد کمیٹی کی درخواست پر آج خصوصی سماعت ہوگی۔
واضح رہے کہ وارانسی کے ضلع جج اجے کرشنا وشویش نے 31 جنوری کو ہندو فریق کو ریٹائر ہونے سے قبل، گیان واپی کے تہہ خانے میں پوجا کرنے کا حق دیا تھا۔ جس کے بعد مسلم فریق نے سپریم کورٹ سے اس معاملے میں مداخلت کرنے اور پوجا کو روکنے کی اپیل کی تھی۔
حال ہی میں ہائی کورٹ کی جانب سے پوجا جاری رکھنے کے حکم کے بعد مسلم فریق نے دوبارہ سپریم کورٹ میں اپیل کی تھی۔ جس پر سپریم کورٹ آج خصوصی سماعت کرے گی۔ آج دونوں فریق سپریم کورٹ میں ہائی کورٹ کے حکم کو چیلنج کرنے والی درخواست کے حق میں اور اس کے خلاف اپنے تحریری جواب داخل کریں گے۔ چیف جسٹس ڈی وائی چندر چوڑ، جسٹس جے بی پارڈی والا اور منوج مشرا کی ڈویژن بنچ اس کیس کی سماعت کرے گی۔
گیانواپی مسجد کی انجمن انتظامیہ مسجد کمیٹی کی عرضی پر آج دوپہر عدالت میں سماعت ہوگی۔ جس میں عدالت متنازعہ جنوبی حصے پر واقع تہہ خانے میں پوجا کی اجازت دینے کے الٰہ آباد ہائی کورٹ کے فیصلے کو چیلنج کرنے والی عرضی کی سماعت کے بعد اپنا اہم فیصلہ بھی دے سکتی ہے۔