نئی دہلی:مرکزی وزیر خزانہ نرملا سیتا رمن پارلیمنٹ کے بجٹ اجلاس کے دوسرے دن آج لوک سبھا میں عبوری بجٹ پیش کریں گی۔ وزیر خزانہ پارلیمنٹ کے ایوان زیریں لوک سبھا میں صبح 11 بجے عبوری بجٹ پیش کرنا شروع کریں گی۔ لوک سبھا انتخابات سے پہلے حکومت کی طرف سے اپریل-جولائی کی مدت کے اخراجات کو پورا کرنے کے لیے ایک عبوری بجٹ پیش کیا جاتا ہے۔ نئی حکومت کے اقتدار سنبھالنے کے بعد مکمل بجٹ پیش کیا جائے گا۔
یہ بجٹ پیپر لیس ہوگا۔ گذشتہ 24 جنوری کو نئی دہلی کے نارتھ بلاک میں عبوری یونین بجٹ 2024 کی تیاری کے عمل کے آخری مرحلے پر منعقد ہونے والی روایتی حلوہ کی تقریب مرکزی وزیر خزانہ نرملا سیتارامن اور مرکزی وزیر مملکت برائے خزانہ ڈاکٹر بھاگوت کسن راؤ کراڈ کی موجودگی میں منعقد ہوئی تھی۔ بجٹ کی تیاری کے "لاک ان" کے عمل کے شروع ہونے سے پہلے ہر سال ایک روایتی حلوہ کی تقریب منعقد کی جاتی ہے۔
دریں اثنا، کل وزیر اعظم نریندر مودی نے بجٹ اجلاس کے آغاز سے قبل کہا تھا کہ ان کی حکومت انتخابی سال میں عبوری بجٹ پیش کرنے کی روایت پر عمل کرے گی۔ پی ایم مودی نے کہا تھا کہ، "عام طور پر، جب انتخابات کا وقت قریب ہوتا ہے، مکمل بجٹ پیش نہیں کیا جاتا ہے، ہم بھی اسی روایت پر عمل کریں گے اور نئی حکومت کے قیام کے بعد آپ کے سامنے مکمل بجٹ پیش کریں گے۔" وزیر اعظم نریندر مودی نے نئی دہلی میں بجٹ اجلاس سے قبل نامہ نگاروں کو بتایا کہ مرکزی وزیر فینانس کل اپنا بجٹ کچھ اہم نکات کے ساتھ ہمارے سامنے پیش کریں گی۔ پی ایم مودی نے مزید کہا تھا کہ، ’مجھے یقین ہے کہ ملک ترقی کی نئی بلندیوں کو عبور کرتے ہوئے مسلسل آگے بڑھ رہا ہے۔ ہمہ جہت ترقی، شمولیت پر مبنی ترقی ہورہی ہے، یہ سفر عوام کے آشیرواد سے مسلسل جاری رہے گا۔