حیدرآباد:ہندوستان بھر میں آج عید سعید انتہائی مذہبی جو ش خروش اور تزک و احتشام کے ساتھ منائی جا رہی ہے۔ ملک کے چھوٹے بڑے شہروں میں نماز عید کے ہزاروں چھوٹے بڑے اجتماعات منعقد ہورہے ہیں جہاں ہزاروں مسلمان نماز عید ادا کر رہے ہیں۔ نماز کے بعد چھوٹے بڑے سب گلے مل کر ایک دوسرے کو عید کی مبارکباد دے رہے ہیں۔ گھروں میں روایتی کھانوں، خاص طور پر شیرخورمہ سے مہمان نوازی کی جارہی ہے۔
نماز عید کے اجتماعات میں خطبا و علمائے کرام کی جانب سے عیدالفطر کی اہمیت و فضلیت بیان کرنے کے ساتھ ساتھ مسلمانوں کے درمیان اتحاد و یکجہتی پر زور دیا جارہا ہے۔ فلسطین کی آزادی اور وہاں کے عوام کے حق میں بھی دعائیں کی جارہی ہیں۔ وہیں عید کے موقعے پر ملک بھر میں سیکوریٹی کے سخت انتظامات کئے گئے ہیں اور عیدگاہ و جامع مساجد کے پاس ٹریفک کی بحالی کےلئے بھی اہلکاروں کو تعینات کیا گیا ہے۔