حیدرآباد: لوک سبھا انتخابات کی تشہیر کے دوران ایم آئی ایم اور بی جے پی امیدواروں کی جانب سے متنازعہ تبصروں کا سلسلہ جاری ہے۔ ایسے میں تلنگانہ کے وزیر اعلیٰ ریونت ریڈی نے ریاست میں امن و امان اور بھائی چارہ کو بنائے رکھنے پر زور دیا ہے۔
ایک انتخابی ریلی سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعلیٰ ریونت ریڈی نے کہا کہ ’’بھگوان مندر میں ہونا چاہیے، عقیدت دل میں ہونی چاہیے۔ آج میں اپنے ہندو بھائیوں اور مسلم بھائیوں سے اپیل کرتا ہوں کہ وہ بی جے پی کی جانب سے شروع کئے گئے فرقہ وارانہ لڑائی کے جال میں نہ پھنسیں۔ ہم سب بھائی ہیں۔ انھوں نے کہا کہ، اپنی ریاست کو بچانا ہماری ذمہ داری ہے۔ ریونت ریڈی نے مزید کہا کہ، الیکشن کمیشن اس رکن پارلیمنٹ کے خلاف مقدمہ درج کر کے اسے گرفتار کرے۔ انھوں نے کہا کہ، میں مرکزی وزیر داخلہ امیت شاہ اور وزیر اعظم نریندر مودی سے پوچھتا ہوں، بی جے پی لیڈر نے کہا ہے کہ اگر 15 سیکنڈ دیے جائیں تو وہ ملک کے کروڑوں لوگوں کا خاتمہ کر دیں گی۔۔اگر آپ اس کی حمایت نہیں کرتے ہیں، تو پھر اسے اپنی پارٹی سے فوراً نکالیے۔"