نئی دہلی:این ایس یو آئی کی جامعہ ملیہ اسلامیہ یونٹ نے پیر کو دہلی کی جامعہ ملیہ یونیورسٹی میں اقلیتی اسکالرشپ کے معاملے پر مظاہرہ کیا۔ این ایس یو آئی کے طلباء لیڈروں نے کہا کہ مرکزی حکومت نے اقلیتوں کو دی جانے والی اسکالرشپ کو روک دیا ہے، اسی وجہ سے ہم آج احتجاج کر رہے ہیں۔ طلباء تنظیم نے مطالبہ کیا کہ مرکز اسکالرشپ کو دوبارہ جاری کرے۔ مظاہرے کے دوران طلباء جمع ہو گئے اور جامعہ ملیہ اسلامیہ کے گیٹ نمبر 7 کے اندر احتجاج کیا اور نعرے لگائے۔
اقلیتی اسکالرشپ کی بحالی کا مطالبہ:
دہلی کی جامعہ ملیہ اسلامیہ یونیورسٹی میں این ایس یو آئی کے ذریعہ اقلیتی اسکالرشپ کی بندش کے خلاف پرامن مظاہرہ کیا گیا۔ اس دوران جامعہ ملیہ اسلامیہ یونیورسٹی کے این ایس یو آئی کے صدر عدنان نے کہا کہ بی جے پی حکومت نے پری میٹرک، پوسٹ میٹرک اور مولانا آزاد نیشنل فیلو شپ اسکالرشپ کو روک دیا ہے، اس کے خلاف آج ہم نے پرامن مظاہرہ کیا۔ اور ہمارا مطالبہ ہے کہ ان تمام اسکالرشپس کو بحال کیا جائے۔