نئی دہلی: لوک سبھا میں اپوزیشن لیڈر اور کانگریس لیڈر راہل گاندھی ہاتھرس بھگدڑ کے متاثرہ خاندانوں سے ملنے کے لیے پہلے علی گڑھ کے پلکھانا گاؤں پہنچے پھر وہاں سے ہاتھرس پہنچے۔ ستسنگ کے دوران بھگدڑ میں 121 لوگ ہلاک ہوئے تھے۔ بھگدڑ منگل کی شام نارائن ساکر ہری عرف بھولے بابا کے ستسنگ کے دوران ہوئی تھی۔
راہل گاندھی کے ساتھ علاقہ کے کئی کانگریس لیڈر بھی موجود رہے۔ ہاتھرس میں بھگدڑ حادثے کے سوگوار خاندانوں سے ملاقات کے بعد کانگریس لیڈر اور لوک سبھا کے رکن پارلیمنٹ راہل گاندھی نے کہا کہ "بہت سارے خاندان متاثر ہوئے ہیں اور بہت سے لوگ ہلاک چکے ہیں۔۔۔ میں اس پر سیاست نہیں کرنا چاہتا۔ مجھے لگتا ہے کہ انہیں زیادہ معاوضہ ملنا چاہیے کیونکہ یہ بہت غریب خاندان ہیں، میں یوپی کے وزیر اعلیٰ سے کھلے دل سے معاوضہ دینے کی درخواست کرتا ہوں۔۔۔ انہیں ابھی اس کی ضرورت ہے، جلد از جلد مزید معاوضہ دیا جانا چاہیے۔ انھوں نے مزید کہا کہ متاثرین کے لواحقین نے بتایا کہ ستسنگ میں پولیس کا انتظام کافی نہیں تھا۔