نئی دہلی: امریکی حکومت کی جانب سے شمسی توانائی کے ٹھیکے کیلئے رشوت کے معاملے میں صنعت کار گوتم اڈانی اور دیگر لوگوں پر الزامات عائد کیے جانے کے بعد کانگریس بی جے پی پر حملہ آور ہو گئی ہے۔ اڈانی معاملے پر کانگریس رہنماؤں نے مرکزی حکومت اور بی جے پی پر سنگین الزامات عائد کیے ہیں۔
کانگریس کے رکن پارلیمنٹ اور لوک سبھا میں اپوزیشن لیڈر راہل گاندھی نے دہلی میں ایک پریس کانفرنس کے دوران کہا کہ 'حکومت اس معاملے میں کارروائی نہیں کر رہی ہے۔ اس معاملے کو پارلیمنٹ میں اٹھائیں گے۔ اڈانی کیس کی جے پی سی انکوائری ہونی چاہیے۔
انہوں نے امریکی فرد جرم پر رد عمل دیتے ہوئے کہا کہ 'اب امریکہ میں یہ بات بالکل واضح اور مستحکم ہو گئی ہے کہ اڈانی نے امریکی اور ہندوستانی قانون کو توڑا ہے۔ ان پر امریکہ میں فرد جرم عائد کیا گیا ہے اور میں حیران ہوں کہ اڈانی آج بھی اس ملک (بھارت) میں آزاد کیوں گھوم رہے ہیں۔'