اردو

urdu

By ETV Bharat Urdu Team

Published : Feb 28, 2024, 9:20 AM IST

ETV Bharat / bharat

لوک سبھا انتخابات 2024 سے پہلے ملک میں شہریت ترمیمی ایکٹ نافذ کیا جائے گا: ذرائع

وزیر داخلہ امت شاہ نے 27 دسمبر کو کہا تھا کہ سی اے اے کے نفاذ کو کوئی نہیں روک سکتا کیونکہ یہ ملک کا قانون ہے۔ انہوں نے مغربی بنگال کی وزیر اعلیٰ ممتا بنرجی پر اس معاملے پر لوگوں کو گمراہ کرنے کا الزام لگایا۔

Etv Bharat
Etv Bharat

نئی دہلی: پاکستان، بنگلہ دیش اور افغانستان کے غیر دستاویزی غیر مسلم تارکین وطن کو فاسٹ ٹریک شہریت دینے کے لیے متنازعہ شہریت ترمیمی قانون 2019 (سی اے اے) کے نفاذ کے قواعد لوک سبھا انتخابات کے لیے ماڈل ضابطہ اخلاق کے نافذ ہونے سے پہلے جاری کیے جانے کا امکان ہے۔ انتخابی شیڈول کا اعلان ہوتے ہی ماڈل ضابطہ اخلاق نافذ ہو جاتا ہے۔ انتخابی شیڈول کا اعلان اگلے پندرہ دن میں کیا جا سکتا ہے۔

ذرائع نے بتایا کہ انتخابی ضابطہ اخلاق کے نافذ ہونے سے پہلے سی اے اے کے قواعد جاری کیے جا سکتے ہیں۔ سی اے اے کے قواعد جاری ہونے کے بعد، مودی حکومت مظلوم غیر مسلم تارکین وطن - ہندو، سکھ، جین، بدھ، پارسی اور عیسائی - جو بنگلہ دیش، پاکستان اور افغانستان سے 31 دسمبر 2014 تک بھارت پہنچے تھے، ان کو بھارت کی شہریت دینا شروع کر دے گی۔ سی اے اے دسمبر 2019 میں منظور کیا گیا تھا اور اسے صدر جمہوریہ کی منظوری مل گئی تھی۔

تاہم اس قانون پر ابھی تک عمل درآمد نہیں ہوا ہے اور اس کے نفاذ کے لیے قواعد ضروری ہیں۔ پارلیمنٹ سے سی اے اے کی منظوری کے بعد ملک کے کچھ حصوں میں بڑے پیمانے پر مظاہرے ہوئے۔ مظاہروں اور پولیس کی کارروائی کے دوران سو سے زائد افراد اپنی جانوں سے ہاتھ دھو بیٹھے۔ وزارت داخلہ نے درخواست دہندگان کی سہولت کے لیے ایک پورٹل تیار کیا ہے اور پورا عمل آن لائن ہوگا۔

ایک اہلکار نے کہا کہ درخواست دہندگان کو اعلان کرنا ہوگا کہ وہ کس سال بغیر سفری دستاویزات کے ہندوستان آئے تھے۔ درخواست دہندگان سے کوئی دستاویزات نہیں مانگے جائیں گے۔ قانون کے مطابق، تین پڑوسی ممالک سے غیر دستاویزی اقلیتوں کو سی اے اے کے تحت فوائد حاصل ہوں گے۔ مرکزی وزیر داخلہ امت شاہ نے 27 دسمبر کو کہا تھا کہ سی اے اے کے نفاذ کو کوئی نہیں روک سکتا کیونکہ یہ ملک کا قانون ہے۔ انہوں نے مغربی بنگال کی وزیر اعلیٰ ممتا بنرجی پر اس معاملے پر لوگوں کو گمراہ کرنے کا الزام لگایا۔

کولکاتہ میں بی جے پی کی میٹنگ سے خطاب کرتے ہوئے شاہ نے کہا تھا کہ سی اے اے کو نافذ کرنا پارٹی کی ترجیحات میں شامل ہے۔

یہ بھی پڑھیں:

ABOUT THE AUTHOR

...view details