سورت: لوک سبھا انتخابات 2024 کے انتخابی نتائج سے پہلے ہی گجرات میں کمل کِھل گیا ہے۔ دراصل سورت لوک سبھا سیٹ سے کانگریس امیدوار کی کاغذات نامزدگی کی منسوخی کے بعد باقی 8 امیدواروں نے بھی اپنے نام واپس لے لیے، جس کے بعد سورت سے بی جے پی امیدوار مکیش دلال نے بلامقابلہ انتخاب جیت لیا۔
ڈسٹرکٹ کلکٹر کم الیکشن آفیسر سوربھ پاردھی نے مکیش دلال کو الیکشن کا سرٹیفکیٹ سونپتے ہوئے نامہ نگاروں کو بتایا کہ "میں اعلان کرتا ہوں کہ بی جے پی کے مکیش کمار چندرکانت دلال، سورت کے پارلیمانی حلقہ سے صحیح طریقے سے منتخب ہوئے ہیں۔
گجرات کے تمام 26 حلقوں کے لیے ووٹنگ 7 مئی کو ہونے والی ہے، لیکن سورت سیٹ کا نتیجہ پہلے ہی آ چکا ہے، جس کی وجہ سے اب صرف 25 سیٹوں پر ہی پولنگ ہوگی۔
سورت کے ضلع انتخابی دفتر کے مطابق، دلال کے علاوہ، سورت سے انتخابی میدان میں موجود تمام آٹھ امیدواروں، جس میں چار آزاد، تین چھوٹی پارٹیوں سے اور بہوجن سماج پارٹی کے پیارے لال بھارتی شامل ہیں، نے آخری دن اپنے کاغذات نامزدگی واپس لے لیے۔
قابل ذکر بات یہ ہے کہ سورت سیٹ سے کانگریس کے نیلیش کمبھانی کی امیدواری اتوار کو ہی مسترد کر دی گئی تھی جب ڈسٹرکٹ ریٹرننگ آفیسر نے پہلی نظر میں تجویز کنندگان کے دستخطوں میں تضاد پایا تھا۔ لیکن اس کے بعد سورت سے کانگریس کے متبادل امیدوار سریش پڈسالہ کا نامزدگی فارم بھی اسی بنیاد پر منسوخ کر دیا گیا۔
کانگریس نے اتوار کو الزام لگایا کہ کمبھنی کے نامزدگی فارم کو بی جے پی کے کہنے پر مسترد کیا گیا اور وہ اس فیصلے کو ہائی کورٹ میں چیلنج کرے گی۔
سورت لوک سبھا سیٹ سے بلامقابلہ منتخب ہونے پر، بی جے پی کے مکیش دلال نے کہا، 'آج مجھے فاتح قرار دیا گیا ہے، اس لیے گجرات اور ملک میں پہلا کمل کھل گیا ہے۔ میں پی ایم مودی، وزیر داخلہ امت شاہ، پارٹی سربراہ جے پی نڈا، ریاستی وزیر اعلی، ریاستی بی جے پی کا شکریہ ادا کرتا ہوں۔
گجرات یونٹ بی جے پی کے صدر سی آر پاٹل نے ایکس پر پوسٹ کیا کہ "سورت نے وزیر اعظم نریندر مودی کو پہلا کمل پیش کیا ہے۔ میں سورت لوک سبھا سیٹ کے لئے اپنے امیدوار مکیش دلال کو بلامقابلہ منتخب ہونے پر مبارکباد دیتا ہوں،"