نئی دہلی: بلقیس بانو کیس کے 11 میں سے دو قصورواروں نے سپریم کورٹ میں ایک درخواست دائر کی ہے، جس میں استدلال کیا گیا ہے کہ آٹھ جنوری کو ان کی سزا کی معافی کو منسوخ کرنے کا فیصلہ 2002 کی آئینی بنچ کے حکم کے خلاف تھا اور انہوں نے اس معاملے کو 'حتمی' فیصلے کے لیے بڑی بنچ کو بھیجنے کی درخواست کی۔
سپریم کورٹ کے فیصلے کے بعد گودھرا سب جیل میں بند رادھیشیام بھگوان داس شاہ اور راجو بھائی بابولال سونی نے اپنی درخواست میں کہا کہ ایک 'غیر معمولی' صورت حال پیدا ہوگئی ہے جس میں دو مختلف بنچوں نے قبل از وقت رہائی کے ساتھ ساتھ استثنیٰ کے ایک ہی معاملے پر فیصلہ کیا ہے اور ریاستی حکومت کی کونسی پالیسی درخواست گزاروں پر لاگو ہوگی، اس پر متضاد نقطہ نظر اپنایا ہے۔
ایڈوکیٹ رشی ملہوترا کے توسط سے دائر درخواست میں کہا گیا ہے کہ ایک بنچ نے 13 مئی 2022 کو گجرات حکومت کو واضح طور پر حکم دیا تھا کہ وہ 9 جولائی 1992 کی ریاستی حکومت کی استثنیٰ پالیسی کے تحت رادھیشیام کی قبل از وقت رہائی پر غور کرے۔ شاہ کی درخواست پر غور کرتے ہوئے، بینچ آٹھ جنوری 2024 کو اپنا فیصلہ سنایا، اس نے یہ نتیجہ اخذ کیا کہ یہ مہاراشٹر کی حکومت ہے، نہ کہ گجرات حکومت، جو نرمی دینے کی اہل ہے۔
گجرات حکومت پر اپنے اختیارات کا غلط استعمال کرنے کا الزام لگاتے ہوئے سپریم کورٹ نے 2002 کے فسادات کے دوران بلقیس بانو کی اجتماعی عصمت دری اور ان کے خاندان کے سات افراد کے قتل کے معاملے میں 11 قصورواروں کو معافی دینے کے ریاستی حکومت کے فیصلے کو یکسر منسوخ کر دیا ہے۔