گیا: رمضان المبارک 2024 مکمل ہونے کے بعد آج ملک بھر میں عید سعید کا اہتمام کیا جا رہا ہے۔ گذشتہ روز تیس کی رویت سے شوال کا چاند نظر آتے ہی سوشل ذرائع پر مبارک باد دینے کا جو سلسلہ شروع ہوا وہ پورے جوش و خروش کے ساتھ آج بھی جاری ہے اور اس میں خاص بات یہ ہے کہ اس بار پارلیمانی انتخابات کے پیش نظر سیاسی جماعتوں کے رہنماؤں کی طرف سے عید کی مبارک باد پیش کرنے کی ہوڑ لگی ہے۔
رہنماؤں کی طرف سے واٹس ایپ پر پیغامات ارسال کئے جا رہے ہیں۔ گیا پارلیمانی حلقہ کے انڈیا اتحاد اور این ڈی اے اتحاد کے رہنماؤں کے علاوہ ان رہنماؤں کی طرف سے بھی عید کی مبارکباد پیش کی گئی جو انتخابی میدان میں آزاد امیدوار کے طور پر اپنی قسمت آزما رہے ہیں۔
سابق وزیر اعلی جیتن رام مانجھی کی طرف سے بھی لوگوں کو عید کی مبارکباد کا پیغام بھیجا جا رہا ہے۔ آج ہی سابق وزیر اعلی جیتن مانجھی مرکزی وزیر داخلہ امت شاہ کے ساتھ گیا کے گرووا میں انتخابی جلسے میں شامل ہوئے تھے۔ چاند کی اطلاع ملتے ہی انکی طرف اور انکے مسلم رہنماؤں کی طرف سے مبارک باد پیش کی گئیں۔