مرادآباد: راہل گاندھی کی بھارت جوڑو نیائے یاترا کا دوسرا مرحلہ آج مرادآباد سے شروع ہونے والا ہے۔ یہ یاترا مرادآباد سے ہوتی ہوئی امروہہ اور سنبھل اضلاع تک جائے گی۔ اس کے بعد یہ بلند شہر پہنچے گی۔ اس یاترا میں پرینکا گاندھی بھی شرکت کریں گی۔ یاترا کو لے کر کانگریس عہدیداروں اور کارکنوں میں جوش و خروش ہے۔
پرینکا گاندھی کا سسرال مراد آباد میں ہے۔ دو سال قبل اسمبلی انتخابات کے دوران پرینکا گاندھی نے یہاں ایک ریلی سے خطاب کیا تھا اور روڈ شو بھی کیا تھا۔ اس کے بعد اب وہ یاترا میں شرکت کے لیے آرہی ہیں۔ کانگریسی رہنماوں نے نیائے یاترا کی تمام تیاریاں مکمل کر لی ہیں۔ راہل گاندھی ہفتہ کی صبح ہیلی کاپٹر سے بھکڈاسنا ہوائی اڈے پر اتریں گے۔ اس کے بعد کار سے مراد آباد جامع مسجد پہنچیں گے اور نیائے یاترا میں شامل ہوں گے۔
سماج وادی پارٹی کے کارکن اور عہدیدار نیائے یاترا کا خیرمقدم کریں گے۔ نیائے یاترا جامع مسجد، اندرا چوک، عیدگاہ، سنبھل اسکوائر سے ہوتی ہوئی کوہ نور تیراہہ پہنچے گی۔ نیائے یاترا مرادآباد میں دو گھنٹے تک چلے گی۔ اس دوران راہل گاندھی مختلف مقامات پر لوگوں سے بات چیت بھی کریں گے۔