اترپردیش: سماج وادی پارٹی کے سربراہ اکھلیش یادو اتوار کو آگرہ میں راہل گاندھی کی بھارت جوڑو نیائے یاترا میں شامل ہوئے۔ انہوں نے کانگریس لیڈر راہل گاندھی کے ساتھ مشترکہ طور پر عوام سے خطاب کیا۔ غور طلب ہو کہ دوستی کا یہ مظاہرہ کانگریس اور ایس پی کے ساتھ سیٹوں کی تقسیم کے معاہدے کو حتمی شکل دینے کے چند دن بعد سامنے آیا ہے۔
یہ قافلہ ریاست بھر کے مختلف علاقوں کا احاطہ کرتا ہوا دوپہر 3 بجے کے قریب آگرہ پہنچا، جہاں سماج وادی پارٹی کے سربراہ اکھلیش یادو نے شرکت کی۔ انہوں نے کانگریس لیڈر راہل گاندھی کے ساتھ عوام سے خطاب بھی کیا۔
سماج وادی پارٹی کے سربراہ اکھلیش یادو نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ "آنے والے دنوں میں سب سے بڑا چیلنج جمہوریت اور آئین کو بچانا ہے، ڈاکٹر بی آر امبیڈکر کے خوابوں کو پورا کرنا ہے، جنہیں بی جے پی نے برباد کر دیا ہے۔" 'بی جے پی ہٹاؤ، دیش بچاؤ...'
اس موقع پر اکھلیش یادو نے راہل گاندھی، پرینکا گاندھی، تمام کانگریس کارکنان اور عوام کا شکریہ ادا کیا اور کہا کہ آپ (راہل گاندھی) اپنے یاترا کے دوران محبت کو عام کرتے رہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ مجھے خوشی ہے کہ راہل گاندھی جنہوں نے اپنی محبت کی دکان شروع کی ہے، وہ محبت اب آگرہ پہنچ گئی ہے، آگرہ محبت کا شہر ہے، اس لیے یہاں سے محبت اکٹھا کریں اور اسے اپنے یاترا کے دوران پھیلاتے رہیں۔"