نئی دہلی: آسٹریلیوی وزیر اعظم انتھونی البانی نے اپنے ملک کے شہریوں سے لبنان چھوڑنے کا حکم دیا ہے۔ انہوں نے لبنان میں مقیم اپنے شہریوں مشورہ دیا کہ فوراً لبنان چھوڑ کر واپس آسٹریلیا آجائیں کیونکہ اسرائیل کے ساتھ بڑے پیمانے پر تصادم کا امکان ہے۔ البانی نے سڈنی میں نامہ نگاروں سے بات کرتے ہوئے کہا کہ میں آسٹریلوی باشندوں کو مشورہ دیا ہے کہ وہ واپس آجائیں اور کوئی بھی آسٹریلیائی باشندہ فی الحال لبنان کا دورہ نہ کرے کیونکہ حالات سازگار نہیں لگ رہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ "اس بات کا خطرہ ہے کہ بیروت کا ہوائی اڈہ تجارتی پروازوں کے لیے نہ کھلا ہو اور وہاں پر لوگوں کی تعداد کو دیکھتے ہوئے، اس بات کی کوئی گارنٹی نہیں ہے کہ سب کے آنے جانے کے لئے حالات سازگار ہوں۔
آسٹریلیوی وزیر اعظم انتھونی البانی نے کہا کہ اس سے قبل وزیر خارجہ پینی وونگ نے آسٹریلوی باشندوں سے کہا تھا کہ "اب لبنان چھوڑنے کا وقت آگیا ہے"۔
یہ انتباہ اسرائیل کی جانب سے بیروت میں حزب اللہ کے سینیئر کمانڈر فواد شکر اور ایران کے دارالحکومت تہران میں حماس کے رہنما اسماعیل ہنیہ کی ہلاکت کے بعد بڑھتی کشیدگی کے درمیان دیا گیا ہے۔ واضح رہے کہ آسٹریلیا، لبنانی نسل کے تقریباً 250,000 لوگوں کا گھر ہے، جو لبنان سے باہر سب سے بڑی آبادی میں سے ایک ہے۔
- بھارتی سفارت خانے کی ایڈوائزری
وہیں بھارت نے لبنان میں مقیم 4000 بھارتیوں کو مشورہ دیا ہے کہ وہ لبنان میں جاری کشیدگی کو ذہن میں رکھتے ہوئے ہی ضروری کام سے باہر نکلیں اور حالات سے باخبر رہیں۔ بھارت نے جمعرات کو اپنے شہریوں پر زور دیا کہ وہ لبنان کا سفر نہ کریں۔ انہوں نے مغربی ایشیائی ملک میں مقیم لوگوں سے حماس اور حزب اللہ کے رہنماؤں کی ہلاکتوں کی وجہ سے بڑھتی ہوئی کشیدگی کے باعث احتیاط برتنے کی اپیل بھی کی۔