جماعت اسلامی ہند کے نائب امیر پروفیسر سلیم انجینئر نے گجرات ہونیورسٹی کے ہاسٹل میں تراویح کے دوران غیر ملکی طلباء پر حملے کی مذمت کرتے ہوئے میڈیا کو جاری اپنے ایک بیان میں کہا کہ ” ہفتہ کی رات گجرات یونیورسٹی کے کیمپس میں رمضان کے مبارک مہینے میں کچھ غیر ملکی طلباء نماز تراویح ادا کر رہے تھے جن پر کچھ شر پسندوں نے حملہ کرکے پانچ کو زخمی کردیا جن میں دو کو اسپتال میں داخل کرانا پڑا۔
انہوں نے کہا کہ یہ ایک مذموم عمل ہے جس کی جتنی مذمت کی جائے کم ہے۔ اطلاعات کے مطابق یہ غیر ملکی طلباء ہاسٹل کے ایک حصے میں نماز ادا کر رہے تھے، کچھ باہری لوگ کیمپس میں داخل ہوئے اور ان طلباء کے ساتھ بدتمیزی کرنے لگے، پھرکچھ دیر بعد ہی پتھراؤ اور توڑ پھوڑ کی جانے لگی۔حیر ت کی بات یہ ہے کہ پولیس نے بروقت کارروائی نہیں کی اور مجرموں کو یونیورسٹی کے احاطے میں اشتعال انگیزی کی چھوٹ دی۔ ان کا کہنا تھا کہ یہ پولیس کی نااہلی کو اجاگر کرتا ہے جس کی تحقیقات ہونی چاہئے اور ذمہ داروں کو سزا ملنی چاہئے۔
کیمپس میں موجود پولیس کی کوتاہی اور شرپسندوں کو چھوٹ دینے کا یہ رویہ بتا رہا ہے کہ نفرت پھیلانے والے سماج دشمن عناصر قانون سے بے خوف کیوں ہیں“۔ پروفیسر سلیم نے مزید کہا کہ ” غیر ملکی طلباء پر ان کے اپنے مذہب پر عمل کرنے کی وجہ سے حملہ کیا جانا ہماری روایتی رواداری اور کثرت میں وحدت کے ان اصولوں کے خلاف ہے جن کو ہماری قوم نے ہمیشہ سے برقرار رکھا ہے۔