حیدرآباد (نیوز ڈیسک):شمالی ہندوستان کے بیشتر حصوں میں ان دنوں شدید سردی پڑ رہی ہے۔ پہاڑوں پر شدید برف باری کے باعث میدانی علاقوں میں سردی بڑھ گئی ہے۔ محکمہ موسمیات نے سردی بڑھنے کے حوالے سے الرٹ جاری کیا ہے۔ آئی ایم ڈی کے مطابق نئے سال پر درجہ حرارت میں مزید گراوٹ کا امکان ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق ویسٹرن ڈسٹربنس کے باعث نئے سال میں شدید سردی اور گھنی دھند کا امکان ہے۔ اگلے دو سے تین دنوں کے دوران شمال مغربی ہندوستان میں کافی گھنی دھند چھائی رہے گی۔ شمال مغربی ہندوستان کے کچھ حصوں میں 30 دسمبر 2024 سے شدید سردی کی لہر شروع ہونے کا امکان ہے۔
ویسٹرن ڈسٹربنس کی وجہ سے یکم سے چار جنوری 2025 تک مغربی ہمالیائی علاقے میں ہلکی پھلکی بارش اور برفباری کا امکان ہے۔ چھ جنوری 2025 سے ایک نئی ویسٹرن ڈسٹربنس شمال مغربی ہندوستان کو متاثر کرنے والی ہے۔
سردی کی پیشن گوئی
اگلے چار دنوں کے دوران اتر پردیش میں کم سے کم درجہ حرارت میں چار سے چھ ڈگری سیلسیس اور اگلے تین دنوں کے دوران پنجاب، ہریانہ، چندی گڑھ-دہلی اور راجستھان میں تین سے چار ڈگری سیلسیس گراوٹ کا امکان ہے۔ اس کے بعد کوئی خاص تبدیلی نہیں آئے گی۔ اگلے پانچ دنوں کے دوران وسطی ہندوستان میں تین سے پانچ ڈگری سیلسیس تک گراوٹ کا امکان ہے۔
اگلے 24 گھنٹوں کے دوران کم از کم درجہ حرارت میں کوئی خاص تبدیلی نہیں آئے گی اور اگلے تین دنوں کے دوران مشرقی ہندوستان میں تین سے چار ڈگری سیلسیس کی گراوٹ کا امکان ہے۔ مہاراشٹر میں اگلے 5 دنوں کے دوران کم سے کم درجہ حرارت میں دو سے چار ڈگری سیلسیس تک کمی کا امکان ہے۔