ممبئی: یو پی ایس سی سول سروسز امتحان پاس کرنے کے لیے معذوری کا جعلی سرٹیفکیٹ بنانے کے الزامات کی تحقیقات کے درمیان منگل کے روز پروبیشنری آئی اے ایس افسر پوجا کھیڈکر کی ٹریننگ مہاراشٹر میں روک دی گئی۔ انہیں 23 جولائی تک مسوری واپس آنے کا حکم دیا گیا ہے۔ مہاراشٹر حکومت نے سرٹیفکیٹ تنازعہ میں پھنسی آئی اے ایس افسر پوجا کھیڈکر کو ضلعی تربیتی پروگرام سے بھی ہٹا دیا ہے۔
مہاراشٹر کے ایڈیشنل چیف سکریٹری (پی) نتن گدرے نے منگل کو پوجا کھیڈکر کو لکھے ایک خط میں کہا کہ لال بہادر شاستری نیشنل اکیڈمی آف ایڈمنسٹریشن (LBSNAA)، مسوری، اتراکھنڈ نے فیصلہ کیا ہے کہ آپ کے ضلعی تربیتی پروگرام کو روکا جائے اور مزید ضروری اقدامات کیے جائیں۔ ضروری کارروائی کے لئے آپ کو فوری طور پر واپس بلانے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔
پوجا کھیڈکر پر عہدے کا غلط استعمال کرنے اور معذوری اور او بی سی سرٹیفکیٹ میں جعلسازی کا الزام ہے۔ یہ دعویٰ کیا گیا ہے کہ کھیڈکر نے مبینہ طور پر سول سروسز کا امتحان پاس کرنے کے لیے معذوری اور دیگر پسماندہ طبقے (او بی سی) کے فرضی سرٹیفکیٹ جمع کرائے تھے۔ رپورٹس کے مطابق اس نے دماغی بیماری کا سرٹیفکیٹ بھی جمع کرایا تھا۔ اپریل 2022 میں، پوجا سے کہا گیا کہ وہ اپنے معذوری کے سرٹیفکیٹ کی تصدیق کے لیے دہلی AIIMS میں رپورٹ کریں، لیکن اس نے COVID-19 انفیکشن کا حوالہ دیتے ہوئے اس عمل کو پورا نہیں کیا۔
رپورٹ کے مطابق، کھیڈکر اپنی معذوری کی تصدیق کے لیے لازمی طبی امتحان میں حاضر ہونے میں ناکام رہی ہے، حالانکہ وہ 'پرسن ود بینچ مارک ڈس ایبلٹی (PwBD)' زمرے میں آئی اے ایس بن چکی ہیں۔