نئی دہلی: راجدھانی دہلی میں شدید بارش کے درمیان دہلی کے آئی جی آئی ایئرپورٹ کے T-1 ٹرمینل ون پر چھت کا ایک حصہ گر گیا ہے۔ دہلی فائر سروس کو چھت گرنے کے بارے میں کال موصول ہوئی جس کے بعد فائر بریگیڈ کی چار گاڑیاں موقع پر پہنچی۔ اس حادثہ میں ایک شخص ہلاک جبکہ پانچ افراد شدید زخمی ہوئے ہیں۔
آپ کو بتاتے چلیں کہ دارالحکومت دہلی میں موسم کا انداز بدل گیا ہے اور تیز بارش ہو رہی ہے۔ معلومات کے مطابق آئی جی آئی ایئرپورٹ کے ٹرمینل 1 پر چھت گر گئی ہے۔ وہاں کھڑی کچھ گاڑیاں اس کی زد میں آکر دب گئی ہیں۔ دہلی فائر سروس کے ڈائریکٹر اتل گرگ نے یہ جانکاری دی۔
دہلی فائر سروس کے مطابق فائر بریگیڈ کی 3 گاڑیاں موقع پر بھیجی گئیں۔ اس وقت چھت گرنے سے کئی گاڑیاں دب گئی ہیں۔ تصاویر میں دیکھا جا سکتا ہے کہ کئی گاڑیوں کی چھتیں مکمل طور پر تباہ ہو چکی ہیں۔ مزید کئی گاڑیوں کے دبے ہونے کا خدشہ ہے۔