حیدرآباد:لندن میں ایک تاریخی نیلامی ہوئی۔ اس نیلامی میں ایک بھارتی نوٹ نے تاریخ رقم کردی۔ یہ نوٹ 100 روپے کے سادہ نوٹ کی طرح ہی لگتا ہے، لیکن اس کی قیمت جان کر آپ حیران رہ جائیں گے۔ یہ نوٹ 56 لاکھ 49 ہزار 650 روپے میں فروخت ہوا۔ اب آپ سوچ رہے ہوں گے کہ اس نوٹ میں کیا خاص بات تھی؟ دراصل، نیلامی میں فروخت ہونے والے نوٹ کو 1950 کی دہائی میں ریزرو بینک آف انڈیا (RBI) نے جاری کیا تھا۔ لیکن یہ کوئی عام نوٹ نہیں تھا۔
یہ 100 روپے کا نوٹ نایاب ہے:
اس نوٹ کو حج نوٹ کہتے ہیں۔ 20ویں صدی کے وسط میں آر بی آئی نے یہ خصوصی نوٹ ان ہندوستانی عازمین کے لیے جاری کیا تھا جو حج کے لیے خلیجی ممالک کا سفر کرتے تھے۔ اس کا مقصد سونے کی غیر قانونی خریداری کو روکنا تھا۔
ان نوٹوں میں نمبر سے پہلے ایک خاص پرفکس HA تھا، جس کی وجہ سے ان کی شناخت آسان تھی۔ یہ نوٹ عام ہندوستانی نوٹوں سے مختلف رنگ کے تھے۔ یہ نوٹ کچھ خلیجی ممالک جیسے متحدہ عرب امارات، قطر، بحرین، کویت اور عمان میں قابل قبول تھے۔ تاہم، یہ نوٹ ہندوستان میں قابل قبول نہیں تھے۔