مغربی بنگال اکیڈمی کے وائس چیئرمین سید شہاب الدین حیدر نے بتایا کہ ملک بھر میں لاک ڈاؤن کی وجہ سے ہماری سرگرمیاں معطل ہوگئی تھیں تاہم دفتری کام چل رہا تھا۔
سیمینار اور دیگر سرگرمیاں روک دی گئی تھیں۔ تاہم اب چونکہ ان لاک کا سلسلہ شروع ہوگیا ہے تو دوبارہ ہم نے اپنی سرگرمیوں کو شروع کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ مغربی بنگال اردو اکیڈمی اردومیڈیم یا پھر اردو سبجیکٹ سے گریجویشن اور پوسٹ گریجویشن کرنے والوں کو اسکالر شپ دیتی ہے۔
اکیڈمی نے اب یہ فیصلہ کیا ہے کہ چوں کہ اسکالر شپ کیلئے درخواست دینے والوں کی تعداد زیادہ ہے اس لئے ہم نے اس پروگرام کو توسیع کرنے کا فیصلہ کیا ہے اور اب زیادہ تعداد میں طلبا کو اسکالر شپ دیا جائے گا۔
انہوں نے کہا کہ اسی مہینے میں اردو ادب اور جدید افسانے کے عنوان سے قومی ویب سیمینار منعقد کیا جارہا ہے۔ جس میں ملک بھر سے مقالہ نگار شریک ہورہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ گزشتہ سالوں میں 25 سے 30 سیمیناروں کا انعقاد ہوا ہے, جس میں ملک بھر سے مقالہ نگاروں نے شرکت کی ہے اور اب ان مقالوں کو کتابی شکل میں لایا جارہا ہے اورجلد ہی یہ کتابیں منظر پر عام آجائیں گی۔